شہر میں پراسرار بدبو پھیلنے کی وجہ سامنے آگئی
کیپ ٹاؤن : جنوبی افریقہ کے شہر میں بدبودار تعفن پھیلنے سے شہریوں کی زندگی اذیت کا شکار ہوگئی، تحقیقات کے بعد صورتحال کا ذمہ دار ایک تجارتی بحری جہاز کو قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جنوبی افریقہ کے سیاحتی شہر کیپ ٹاؤن کی فضا ایک ناقابل برداشت تعفن سے بھرگئی جس کے باعث تمام شہریوں کی حالت غیر ہوگئی۔
شہریوں کا خیال تھا کہ شاید ان کے شہر میں کسی مقام پر سیوریج کا کام ہو رہا ہے یا گھروں میں پلمبنگ کے مسائل کی وجہ سے وہ بدبو پیدا ہورہی ہے۔
معاملے کو بڑھتا دیکھ کر متعلقہ حکام نے فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا، بعد ازاں حکام نے بتایا کہ یہ بدبو ایک مویشی لے جانے والے بحری جہاز سے آرہی ہے جو بندرگاہ پر کھڑا ہے۔
مقامی سٹی کونسلر نے تصدیق کی کہ وہ بدبو دراصل 19 ہزار مویشیوں کو برازیل سے عراق لے جانے والے ایک کویتی بحری جہاز ’الکویت‘ سے اٹھ رہی تھی، جو مویشیوں کا چارہ لینے اور مویشیوں کے طبی معائنے کے لیے کیپ ٹاؤن کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا۔
خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کونسل کی ایک سینئیر انسپکٹر گریس نے بتایا کہ بحری جہاز میں سوار مویشیوں کے کچھ باڑے ایسے تھے جن میں کئی مویشی اپنے فضلے کے ڈھیروں پر کھڑے تھے۔
بندر گاہ کے آپریٹر ٹرانس نیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ جہاز کے ایجنٹ اور ٹرمینل آپریٹر کے مطابق اس جہاز کو 20 فروری کو وہاں سے روانہ ہوجانا تھا۔
زندہ جانوروں کی آمد و رفت کے خلاف مہم چلانے والے ادارے این ایس پی سی اے نے اس جہاز کو کویت "ڈیتھ شپ” کا نام دیا ہے اور اس بدبو کو ڈھائی ہفتوں سے جہاز میں سوار جانوروں کے لیے انتہائی خوفناک قرار دیا جو ان کے جمع ہونے والے فضلے سے پیدا ہورہی تھی۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/0OKSE1M
No comments