Breaking News

دو لڑکوں نے دن دہاڑے مخالف گینگ کے نوجوان کو خنجر کے وار سے ہلاک کردیا

گینگ وار نو گو ایریاز سے نکل کر پُرامن علاقوں تک بھی پہنچ گیا، دو لڑکوں نے ایک نوجوان کو بے دردی سے خنجر کے وار سے ہلاک کردیا۔

برطانیہ کے علاقے ایپس وچ میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوعمر نوجوان کو مخالف گینگ کے لڑکوں نے دن دہاڑے خنجروں کے پے درپے وار سے قتل کردیا۔ 19 سالہ ایلفی ہیمیٹ اور جوشوا ہول نے گزشتہ سال 17 جنوری کو 18 سالہ رے کوئگلی عرف جیمز کو موت کے گھاٹ اتارا۔

عدالت نے دونوں لڑکوں کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ قتل ہونے والا لڑکا دوستوں سے ملنے کے لیے وائمنڈھم سے آیا تھا اور شہر میں موجود تھا۔

مقتول کا سامنا اسی دوران ہیمیٹ اور ہاویل سے ہوا جو کہ ماسک پہنے ہوئے تھے اور ان کے ہاتھوں میں بڑا چاقو بھی موجود تھا۔ ہیمٹ نے پہلے نوجوان پر حملہ کیا اور اسے چار بار چاقو مارا۔ دونوں حملہ آور بعدازاں مخالف سمتوں میں فرار ہوگئے۔

حملے کے بعد جیمز لڑکھڑاتے ہوئے ایک قریبی دکان میں داخل ہوا جہاں لوگوں نے اسے ابتدائی طبی امداد دی جبکہ پیرا میڈیکس بھی پہنچ گئے لیکن دو زخم مہلک ثابت ہوئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

پراسیکیوٹر اینڈریو جیکسن نے ایپس وچ کراؤن کورٹ کے ججوں کو بتایا کہ مذکورہ قتل قصبے میں گروہوں کے درمیان دشمنی کا شاخسانہ تھا۔

جیمز کا تعلق ’او ایم ٹی‘ گینگ سے تھا جبکہ ہیمیٹ کا تعلق ان کے حریف ’تھرڈ سائیڈ‘ گینگ سے اور ہاویل کا تعلق نیکٹن گینگ سے تھا۔

قاتلوں کو جیل کی سزا سناتے ہوئے جج مارٹن لیویٹ نے کہا کہ یہ گینگ وار قصبوں کے تاریخی امن کو تباہ کر رہا ہے، جس سے یہاں آنا غیر محفوظ ہوگیا ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/wId0xoP

No comments