Breaking News

ٹرمپ پر حملے کے بعد انتہا پسندوں کی جوابی کارروائی کا خطرہ

واشنگٹن: ہوم لینڈ سکیورٹی اور امریکی تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انوسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

سکیورٹی الرٹ میں ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد انتہا پسند جوابی کارروائی کر سکتے ہیں جبکہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق انتخابات کے تناظر میں سابق صدر پر حملے کی جوابی کارروائی کا خطرہ ہے۔

الرٹ میں کہا گیا کہ ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکوک رویوں پر نظر رکھیں، ایف بی آئی اور ڈی ایچ ایس کو ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش ہے۔

اس میں مزید کہا گیا کہ کچھ آن لائن کمیونٹیز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی کوشش کے جواب میں حملوں کی دھمکیاں دیں، انتہا پسندوں کے چھوٹے گروپ یا انفرادی سطح پر سیاسی پروگراموں کو اہداف بنا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ حال ہی میں ریاست پنسلوینیا میں سابق صدر پر اُس وقت قاتلانہ حملہ کیا گیا جب وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ریلی کے شرکا سے خطاب میں مصروف تھے۔

خطاب کے دوران اچانک فائرنگ ہوئی جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے تاہم گولی ان کے کان کے اوپری حصہ پر لگی جس سے خون بہنے لگا۔

واقعے کے بعد ان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا تھا، بعدازاں ڈونلڈ ٹرمپ نجی طیارے کے ذریعے نیو جرسی پہنچے تھے۔

قاتلانہ حملے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دیکھا گیا کہ سابق صدر گولی لگتے ہی جھکے اور ہاتھ کان پر رکھا۔ اسی لمحے اسٹیج پر سراسیمگی پھیل گئی اور تھوڑی دیر میں سکیورٹی اہلکار متحرک ہوئے اور ٹرمپ کو گھیرے میں لے لیا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/2GXSKlN

No comments