Breaking News

ٹرمپ نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں صدارتی نامزدگی قبول کر لی

ملواکی: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی الیکشن کے لیے ریپبلیکن پارٹی کی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کرلی۔

ملواکی میں منعقد ہونے والی ریپبلیکن نیشنل کنونشن میں گزشتہ ہفتے قاتلانہ حملے میں بچ جانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار عوام سے خطاب کیا، اس دوران ٹرمپ نے ریپبلکن صدارتی نامزدگی قبول کرنے کا اعلان بھی کیا۔

ڈونلڈ ترمپ نے کہا کہ عظیم مستقبل کے حصول کیلئے قوم کو موجودہ ناکام قیادت سے نجات دلانی ہوگی، موجودہ امریکی حکومت میں ہم زوال کا شکار قوم ہیں اور یہ تبدیلی کا وقت ہے، موجودہ امریکی انتظامیہ کو مزید 4 سال برقرار نہیں رکھ سکتے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامیہ کا پیدا کردہ ہر عالمی بحران ختم کروں گا، امریکی معاشرے میں انتشار اور تفریق کا خاتمہ ہونا چاہیے اور میں اس پیغام کے ساتھ سب کے سامنے یہاں کھڑا ہوں۔

ٹرمپ نے خود پر ہونے والے قاتلانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خود پر حملے سے متعلق بتانا حقیقت میں بہت تکلیف دہ ہے، آخری لمحے میں سر ہلایا نہیں ہوتا تو قاتل کی گولی نشانے پر لگتی، مجھے جو گولی لگی وہ سر سے ایک چوتھائی انچ کے فاصلے سے ہوتی ہوئی گزری۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ مجھے آج یہاں نہیں ہونا چاہیے تھا صرف خدا کے فضل سے آپ کے سامنے کھڑا ہوں، خون بہہ رہا تھا مگر پھر بھی بہت محفوظ محسوس کررہا تھا کیوں میرے ساتھ خدا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے ملک کے لوگوں کیلئے جمہوریت کو بچا رہا ہوں، ڈیموکریٹ پارٹی اپنے سیاسی مخالفین کو جمہورت کا دشمن قرار نہ دے، ہم صدارتی الیکشن ہر حال میں جیتیں گے، اب سے 4 ماہ بعد ہمیں ایک ناقابل یقین فتح حاصل ہوگی، جیت کے ساتھ ہم امریکا کی تاریخ کے 4 عظیم ترین سالوں کا آغاز کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہر نسل، مذہب اور رنگ کے شہریوں کیلئے تحفظ، خوشحالی اور آزادی کا نیا دور شروع کرینگے، ہم ملکر امریکا کو عظمت کی نئی بلندیوں تک لے جائیں گے، ہماری قیادت میں امریکا کو دنیا بھر میں دوبارہ عزت ملے گی، ہماری قیادت میں کوئی دشمن امریکا کی طاقت پر شک نہیں کرے گا۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہماری سرحدیں مکمل طور پر محفوظ ہوں گی، معیشت اٹھے گی، پوری دنیا میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کو بحال کریں گے، عظیم مستقبل کے حصول کیلئے قوم کو ناکام قیادت سے نجات دلانی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ امریکی حکومت میں ہم زوال کا شکار قوم ہیں، امریکا میں مہنگائی کا بحران ہے جو زندگی کو ناقابل برداشت بنا رہا ہے، غیر قانونی امیگریشن نے بدحالی، جرائم، غربت، بیماری اور تباہی پھیلادی ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ اور مشرق وسطیٰ میں جنگ سے عالمی بحران کا سامنا ہے، تائیوان، کوریا، فلپائن اور پورے ایشیا میں تنازعات بڑھ رہے ہیں، دنیا تیسری جنگ عظیم کے دہانے پر کھڑی ہے، مہنگائی کے تباہ کن بحران کو فوری طور پر ختم کروں گا، شرح سود کو نیچے اور توانائی کی قیمتوں میں کمی لاؤں گا، دیوار مکمل کر کے امریکی سرحد کو بند اور غیر قانونی امیگریشن ختم کروں گا۔

سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ختم کروں گا، اسرائیل پر حملے سے شروع ہونے والی جنگ ختم کروں گا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/9M0iTyP

No comments