Breaking News

بنگلہ دیش میں سیلاب کی تباہ کاریاں، 18 افراد جان سے گئے

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں اٹھارہ افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کومیلا اور فینی سمیت گیارہ اضلاع میں شدید بارشوں کے بعد بدترین سیلابی صورتحال ہے۔ گھر پانی میں ڈوبے ہیں، ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آنے سے فصلیں تباہ جبکہ سیکڑوں مویشی ہلاک ہوگئے۔

امدادی ٹیموں نے تین لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ تیس لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔

سیلاب زدگان کا کہنا ہے کہ تباہ کن سیلاب میں اپنا سب کچھ گنوا بیٹھے ہیں، فوج، نیوی سمیت رضاکار بھی متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

دو روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس کے نام خط لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے سیلاب سے جانی نقصان و تباہی پر ہمدردی اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم نے خط میں بنگلادیشی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت اور مدد کی پیشکش کی تھی۔

خط میں شہباز شریف نے لکھا تھا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل وقت میں بنگلادیش کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ہماری دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے گھر، معاش اور اپنے پیاروں کو کھو دیا۔

انہوں نے لکھا تھا کہ بنگلادیش کے لوگ آفات کا سامنا کرنے کیلیے اپنے عزم کی وجہ سے جانے جاتے ہیں، یقین ہے عوام آپ کی قابل قیادت میں مصیبت پر قابو پالیں گے، پاکستان مشکل وقت میں حمایت اور مدد کیلیے تیار ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/ZMYbumT

No comments