Breaking News

برطانیہ کے ویزا نظام میں بڑی تبدیلی

اسلام آباد : برطانوی ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کا امیگریشن سسٹم مکمل طور پر ڈیجیٹل فارمیٹ میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے ویزا سسٹم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بائیو میٹرک درخواست گزاروں کے لیے ویزا اسٹیکر اور پاسپورٹ اسٹمپ ختم کردی گئی ہیں۔

اس حوالے سے بی ایچ سی کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک کے حامل مسافروں کو ریزیڈنس پرمٹس، پاسپورٹ پر لگائے جانے والے ویگنیٹ اسٹیکرز یا ’سیاہی کے ڈاک ٹکٹ‘ کی اب مزید ضرورت نہیں ہوگی۔

برطانوی ہائی کمیشن کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں چھ ماہ سے زائد قیام کرنے والوں کو آن لائن اکاؤنٹ بنانا ہوگا اور آن لائن اکاؤنٹ میں امیگریشن اور ویزا کا ریکارڈ ہوگا۔

اس سلسلے میں بتایا گیا کہ چھ ماہ سے کم قیام کرنے والوں کو اکاؤنٹ بنانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ نظام آسان، سیدھا اور بلامعاوضہ ہے۔

کسی فزیکل دستاویز کو ای ویزا میں اپ ڈیٹ کرنے سے صارف کی امیگریشن کی حیثیت یا برطانیہ میں داخل ہونے یا رہنے کی اجازت کی شرائط پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

برطانیہ پہنچنے پر آپ کو اب بھی بی آر پی (بائیو میٹرک ریذیڈینس) کارڈ حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی تاہم تمام کارڈز 31 دسمبر 2024 تک کارآمد ہوں گے، کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے امیگریشن کی حیثیت متاثر نہیں ہو گی۔

آپ اپنا اکاؤنٹ بنانے اور اپنے تک رسائی کے لیے اپنا کارڈ استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ کو اپنا بی آر پی کارڈ اس کی میعاد ختم ہونے تک ساتھ رکھنا چاہیے اور برطانیہ واپس جانے کی اجازت کو ثابت کرنے کے لیے بیرون ملک سفر کرتے وقت اپنا بی آر پی کارڈ اور پاسپورٹ لے جانا چاہیے۔

ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ ہم پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا سفر آسان بنانے کے لیے مسلسل جدتیں کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کا یہ نیا استعمال ویزا کے عمل کے ایک اہم حصے کو ہموار کرے گا اور اسے مزید محفوظ بناتے ہوئے کاغذی دستاویزات پر انحصار کم کرے گا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/d9abr1p

No comments