Breaking News

ممبئی میں شوٹنگ کے بہانے 22 بچے اسٹوڈیو میں یرغمال، پھر اچانک ۔۔۔۔۔۔ ؟

بھارت (30 اکتوبر 2025): بالی ووڈ کی فلمی نگری ممبئی میں شوٹنگ کے بہانے ایک شخص نے 22 بچوں کو اسٹوڈیو میں یرغمال بنا لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے پوائی علاقے میں روہت آریہ نامی شخص نے اداکاری کے شوقین 22 بچوں کو آڈیشن کے بہانے اے آر اسٹوڈیو بلوایا اور بچوں کے اسٹوڈیو کے اندر داخل ہوتے ہی تمام دروازے بند کر کے بچوں کو یرغمال بنا لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بچوں کو یرغمال بنانے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پوری ممبئی میں پھیل گئی۔ اسٹوڈیو کے باہر بچوں کے والدین جمع ہوگئے جب کہ پولیس اور اسپیشل کمانڈو فورس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

اسپیشل کمانڈو فورس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے چند منٹوں کی کارروائی میں تمام بچوں کو بحفاظت بازیاب کرانے کے ساتھ ملزم روہت آریہ کو بھی گرفتار کر لیا۔

بچوں کو یرغمال بنانے کے بعد ملزم نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں اس کا کہنا تھا کہ ’’میں روہت آریہ ہوں۔ خودکشی کرنے کی جگہ میں نے ایک پلان بنایا۔ چند بچوں کو ہاسٹیج بنایا ہے۔ میری کوئی بڑی ڈیمانڈ نہیں، صرف چند سوال ہیں۔ نہ میں دہشت گرد ہوں اور نہ مجھے پیسے چاہییں۔‘‘

اس ویڈیو میں وہ مزید کہتا ہے، ’’میں اکیلا نہیں ہوں، میرے ساتھ کئی لوگ ہیں۔ میں بات چیت کے ذریعے حل نکالنے آیا ہوں۔‘‘

تاہم کمانڈو کارروائی کے بعد پولیس نے بعد میں تصدیق کی کہ واقعے میں وہ اکیلا ہی تھا اور اس کے کسی ساتھی کے شامل ہونے کے ثبوت نہیں ملے۔

کارروائی میں اسٹوڈیو سے شواہد حاصل کرنے کے لیے اسٹوڈیو کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کمشنر ستیہ نارائن کے مطابق ملزم روہت آریہ نفسیاتی دباؤ کا شکار نظر آتا ہے۔ اس سے پوچھ گچھ جاری ہے اور مزید جائزے کے لیے ماہر نفسیات کو بھی بلایا گیا ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/IOn0ztW

No comments