Breaking News

حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیلی حکام کے حوالے کردی

فلسطینی تنظیم حماس نے ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی لاش بین الاقوامی ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیلی حکام کے سپرد کردی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس نے غزہ میں موجود لاش کو ریڈ کراس کے نمائندوں کے سپرد کیا، جس کے بعد اسے اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا گیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق لاش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کی شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حماس اب تک 13 یرغمالیوں کی لاشیں واپس کر چکی ہے، جب کہ تنظیم کے پاس اب بھی 15 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔ اسرائیلی حکام نے حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ باقی لاشوں کو بھی جلد از جلد واپس کرے۔

غیر ملکی میڈیا نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ حماس کی قید میں موجود متعدد یرغمالی ممکنہ طور پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور سابق مشیر جیرڈ کشنر نے کہا ہے کہ غزہ میں تباہی کسی ایٹم بم سے ہونے والی تباہی سے کم نہیں۔

سی بی ایس نیوز کے پروگرام سکسٹی منٹس میں گفتگو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور سابق مشیر جیرڈ کشنر نے غزہ کی حالیہ صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کا حال ایسا ہے جیسے وہاں ایٹم بم گرایا گیا ہو۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد نے بتایا کہ جب وہ امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے ہمراہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد غزہ گئے تو وہاں تباہی کی ہولناک منظر کشی دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

حماس کو غیرمسلح کرنے کے لیے سیکیورٹی نظام موجود نہیں، امریکی نائب صدر

انہوں نے کہاکہ یوں لگا جیسے کسی نے اس علاقے میں ایٹم بم گرایا ہو، میں نے دیکھا کہ لوگ واپس لوٹ رہے ہیں، میں نے اسرائیلی فوج سے پوچھا کہ یہ کہاں جا رہے ہیں؟ تو بتایا گیا کہ وہ اپنی زمینوں کی طرف جا رہے ہیں، جہاں کبھی ان کے گھر ہوا کرتے تھے، یہ لوگ وہاں ملبے پر خیمے لگائیں گے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/pfMG85o

No comments