کویتی حکومت کا سرکاری و نجی ملازمین سے متعلق بڑا فیصلہ
کویت سٹی : کویتی حکومت نے سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمین کی تعلیمی اسناد کی جامع جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کویتی حکام نے واضح کیا ہے کہ جعلی یا غیر تصدیق شدہ ڈگری رکھنے والے سرکاری و نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس سلسلے میں گزشتہ جمعرات کو تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کے لیے قائم کابینہ کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ مملکت برائے کابینہ امور شریدہ الموسرجی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ تعلیم و سائنسی تحقیق ڈاکٹر نادر الجلال سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندے اور ماہرین شریک ہوئے۔
وزیرِ کابینہ امور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شریدہ الموسرجی نے سول سروس کمیشن، وزارتِ اعلیٰ تعلیم اور پبلک اتھارٹی آف مین پاور سمیت تمام ذیلی کمیٹیوں کو اپنی ذمہ داریاں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اس عمل میں تعاون نہ کرنے والے سرکاری و نجی اداروں سے مکمل معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ ملک کے تمام اداروں کے باہمی تعاون کے بغیر اس قومی مہم کا مقصد حاصل نہیں ہو سکے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ ابتدا میں سرکاری محکموں میں انتظامی و اعلیٰ سطح کے عہدیداروں کی ڈگریوں کی تصدیق شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر ملازمین کی اسناد کی جانچ بھی بتدریج جاری ہے۔ حکام نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ جعلی، غیر مستند یا قواعد کے خلاف ڈگری رکھنے والوں کو مناسب سزائیں دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کابینہ پہلے ہی اس سلسلے میں ایک اعلیٰ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے چکی ہے، جس میں متعدد سرکاری ادارے شامل ہیں اور جس کا مقصد سرکاری و نجی شعبوں میں کام کرنے والے شہریوں اور غیر ملکی ملازمین کی تعلیمی اسناد کی تصدیق یقینی بنانا ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/iHZxyPY
No comments