انڈونیشیا نے شہریت کیلیے درخواستیں طلب کر لیں
جکارتہ (30 دسمبر 2025): انڈونیشیا نے شہریت دینے کیلیے گلوبل سٹیزن شپ آف انڈونیشیا پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پروگرام کے تحت سابق شہریوں کو ملک میں لامحدود قیام کا اجازت نامہ فراہم کیا جائے گا۔ انڈونیشیا دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا تاہم حکومت نے دوہری شہریت کے متبادل کے طور پر انڈونیشیائی نژاد غیر ملکیوں کو ملک میں غیر معینہ مدت تک رہنے اور کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز 26 جنوری 2026 کو کیا جائے گا، پروگرام میں اب تک کم از کم پانچ افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہریت کے خواہشمند افراد کیلیے بڑی خبر
رہائشی اجازت ناموں کے ڈائریکٹر جنرل ایڈی ایکو پترانتو کے مطابق ان درخواستوں کا فی الحال جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا یہ لوگ اس کے اہل ہیں یا نہیں۔
انہوں نے درخواست گزاروں کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں لیکن اہل افراد میں سابق انڈونیشیائی شہری، ان کے بچے اور پوتے پوتیاں یا نواسے نواسیاں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، انڈونیشیائی شہریوں کے غیر ملکی شریک حیات (بیوی یا شوہر) اور انڈونیشیائی شہری و غیر ملکی کے بچے بھی اس پروگرام کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔
پروگرام کا اطلاق ان غیر ملکیوں پر نہیں ہوگا جن کا تعلق ان ممالک سے ہے جو کبھی انڈونیشیا کی سرزمین کا حصہ تھے، علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث غیر ملکی اس کے اہل نہیں ہوں گے، یہ سہولت ان لوگوں کیلیے بھی میسر نہیں ہے جنہوں نے دوسرے ممالک میں بطور سرکاری ملازم، انٹیلی جنس افسر یا فوجی اہلکار خدمات انجام دی ہوں۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/Y1rV5qz
No comments