بے لگام جنگلی ہاتھی بپھر گیا، گھر میں گھس کر 6 افراد کو کچل ڈالا
بھارت میں جنگلی ہاتھی نے حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 لوگوں کی جان لے لی، حملوں سے پورا ضلع لرز اٹھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جھارکھنڈ کے مغربی ضلع میں ایک بے قابو جنگلی ہاتھی نے دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے، مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت مجموعی طور پر چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس افسوسناک واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور شہری بے یقینی کی کیفیت میں ہیں جبکہ محکمہ جنگلات کا عملہ ہاتھی پر قابو پانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف عمل ہے۔
مقامی دیہات میں ہونے والے ان حملوں نے مقامی آبادی کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق خونی ہاتھی رات کے اندھیرے میں بستیوں کا رخ کرتا ہے اور گھروں میں سوئے ہوئے افراد پر اچانک حملہ آور ہو جاتا ہے۔
منگل کی شب ہونے والا حملہ سب سے زیادہ ہولناک ثابت ہوا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
چائباسا کے ڈویژنل فاریسٹ افسر آدتیہ نارائن نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہاتھی اپنے جھنڈ سے بچھڑ چکا ہے اور گزشتہ چند دنوں سے غیر معمولی حد تک جارحانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے آغاز سے اب تک یعنی ایک ہفتے کے دوران ضلع میں ہاتھیوں کے حملوں میں 9 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دیہاتیوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی دن کے وقت جنگل میں چھپا رہتا ہے جبکہ رات ہوتے ہی انسانی آبادی کا رخ کرتا ہے۔ خوف کے باعث کئی دیہات میں لوگ رات بھر جاگ کر پہرہ دینے پر مجبور ہیں۔
ماہرین کے مطابق جھنڈ سے علیحدگی اور ہارمونل تبدیلیاں نر ہاتھی میں شدتِ غصہ اور جارحیت کا سبب بن سکتی ہیں۔
محکمہ جنگلات کی ٹیمیں مسلسل ہاتھی کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال سے خصوصی ماہرین کو طلب کیا گیا ہے جبکہ تھرمل سینسر سے لیس ڈرونز کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/GhswCmJ
No comments