نوبل انعام نہ ملنے پر اب امن کے بارے میں سوچنا ذمہ داری محسوس نہیں کرتا، ٹرمپ
واشنگٹن (19 جنوری 2026): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناروے کے وزیر اعظم کو بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ نوبل انعام نہ ملنے کے بعد اب وہ خود کو صرف امن تک محدود رکھنے کا پابند محسوس نہیں کرتے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں عالمی امن کی خاطر گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا ہے۔
ناروے کے وزیر اعظم یونس گاہرسٹور کو بھیجے گئے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چونکہ آپ کے ملک نے 8 سے زائد جنگیں رکوانے پر مجھے نوبل امن انعام نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے اب میں خود پر یہ ذمہ داری محسوس نہیں کرتا کہ صرف امن کے بارے میں ہی سوچا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ماریہ ماچاڈو نے اپنا ’امن نوبل انعام‘ امریکی صدر ٹرمپ کو دے دیا
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگرچہ امن اب بھی ترجیح رہے گا لیکن وہ اب اس بارے میں سوچ سکتے ہیں کہ امریکا کیلیے کیا بہتر اور مناسب ہے۔
وزیر اعظم اسٹور نے ایک تحریری بیان میں واضح کیا کہ نوبل امن انعام ناروے کی حکومت نہیں دیتی، میں نے صدر ٹرمپ سمیت سب پر یہ بات واضح کر دی ہے کہ یہ انعام ایک خود مختار نوبل کمیٹی کی جانب سے دیا جاتا ہے۔
امریکی صدر نے ناروے کے وزیر اعظم کو بھیجے گئے پیغام میں گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کی اپنی متنازع خواہش کو بھی دہرایا جس سے عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ڈنمارک گرین لینڈ کو روس یا چین سے نہیں بچا سکتا، ویسے بھی ان کے پاس مالکانہ حقوق کہاں سے آئے؟ اس کا کوئی تحریری دستاویزی ثبوت نہیں ہے، بس یہ کہ سینکڑوں سال پہلے وہاں ان کی ایک کشتی لگی تھی لیکن ہماری کشتیاں بھی وہاں لگی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک گرین لینڈ پر ہمارا مکمل اور کلی کنٹرول نہیں ہوگا دنیا محفوظ نہیں ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/GI7EcoH
No comments