Breaking News

شامی حکومت اور کرد فورسز کا جنگ بندی پر اتفاق

شام میں شامی حکومت اور کرد قیادت میں کام کرنے والی سیریئن ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) کے درمیان شدید جھڑپوں کے بعد فوری جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا، فریقین کی جانب سے تمام محاذوں پر فائر بندی کا اعلان کردیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج نے شمالی شہر رقہ کی جانب تیز پیش قدمی کرتے ہوئے پہلے طبقا شہر کا کنٹرول سنبھالا، جس کے بعد ایس ڈی ایف کے ساتھ جنگ بندی معاملات طے پا گئے۔

رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت ایس ڈی ایف فورسز دریائے فرات کے مشرق میں واپس چلی جائیں گی، جبکہ دیر الزور اور رقہ کے صوبے مکمل طور پر دمشق حکومت کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ دونوں صوبوں کے تمام سول اور انتظامی ادارے شامی حکومت کے کنٹرول میں آئیں گے اور سابق سرکاری ملازمین کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ شامی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس ڈی ایف کے حامیوں یا جنگجوؤں کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے گی۔

شامی حکومت کو جنگ بندی کے بعد سرحدی گزرگاہوں کے ساتھ ساتھ تیل اور گیس کے اہم ذخائر کا کنٹرول بھی حاصل ہوگیا ہے، الحسکہ صوبے میں موجود سول اداروں کو بھی شامی ریاستی ڈھانچے میں ضم کیا جائے گا، جبکہ صدر کی جانب سے گورنر کی تقرری کے لیے حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔

شامی فوج مشرقی حلب میں داخل، ایس ڈی ایف نے ہتھیار ڈال دیے

رپورٹس کے مطابق ایس ڈی ایف کے انخلا کے بعد شہر میں صورتحال نسبتاً پُرسکون ہو گئی ہے۔ شامی فوج کی پیش قدمی پر رقہ کے شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور پیش رفت کا جشن منایا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/UJ17dgB

No comments