Breaking News

بھارت میں ایک اور طیارہ حادثے کا شکار ، تمام مسافر ہلاک

ممبئی : بھارتی ریاست جھاڑکھنڈ سے دہلی جانے والی ایئر ایمبولینس گر کر تباہ ہوگئی، طیارہ میں عملے کے ارکان سمیت سات افراد سوار تھے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں ایئر ایمبولینس گرکرتباہ ہوگئی، جس کے نتیجے میں طیارے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ بیچ کرافٹ C90 طیارہ میڈیکل ایویکیوشن (ایئر ایمبولینس) پرواز پر تھا، جو کاساریا کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے بتایا کہ طیارے نے خراب موسم کے باعث روٹ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی تاہم 23 منٹ بعد ایئر ٹریفک ریڈار سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

ریسکیو اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جہاں گھنے جنگل اور دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں۔

مقامی انتظامی افسر کے مطابق تمام افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا، جن میں دو عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ٹیم بھی موقع پر روانہ کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی مہاراشٹر میں ایک چارٹرڈ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں ایک سیاسی رہنما سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/i7hg65H

No comments