Breaking News

ایران پر لگائی گئی تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں ناکام ہوئیں، عباس عراقچی

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ 14 سال پہلے ایران پر لگائی گئی تاریخ کی سب سے تباہ کن پابندیاں ناکام ہوئیں۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ 8 سال پہلے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی ناکام ہوئی، 5 مہینے پہلے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی شرط بھی ناکامی کا شکار ہوئی۔

اُنہوں نے کہا کہ کہ آج ایران پر معاشی سطح پر اب تک کا سب سے کاری وار کیا گیا ہے، اس اقدام کا بھی ناکام ہونا طے ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم یہ سب پہلے بھی دیکھ چکے ہیں، وہی بکواس، بس کردار بدل گئے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ہر کوئی فتح کا اعتراف کر رہا ہے، اب جنگ ختم کر دینا ہی بہترین اقدام ہے۔

ڈاکٹرز کے ساتھ ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ مذاکرات میں جو حاصل ہوا وہ بڑی کامیابی تھی جس کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے توثیق کی، معاہدے کی کسی شق سے پسپائی کا اشارہ نہیں ملتا، تمام ذمہ داریاں دوسرے فریق پر عائد ہوتی ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ امام علی علیہ السلام نصیحت فرماتے ہیں کہ دشمن کی صلح کی تجویز مسترد نہ کرو مگر ہوشیار رہو، عہد کی پاسداری سے بڑھ کر کوئی نیکی نہیں جسے ہم اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں، ہم اس وقت مضبوط پوزیشن میں ہیں، دنیا فتح مان رہی ہے اور امریکا عالمی سطح پر نفرت کا نشانہ بن چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن کو ایران پر حملے کی دعوت دینے والے ایرانی نہیں، سرحدوں کے باہر بیٹھ کر دشمن کو حملے کی دعوت دینا انتہائی شرمناک ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ مہینوں تک عزم و استقلال سے سڑکوں پر ڈٹ کر سازشیں ناکام بنانے والے قابل تعریف ہیں، جنہوں نے سڑکوں پر احتجاج نہیں کیا دشمن کا ساتھ بھی نہیں دیا وہ بھی قابل تعریف ہیں، امید ہے کہ ملک میں اتحاد کو روز بروز مضبوط بنا سکیں گے اور متحد رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: معاشی دباؤ ایران کو معاہدے کی طرف آنے پر مجبور کر دے گا، جے ڈی وینس

مسعود پزشکیان کے مطابق ایرانی حکومت مسائل کے حل کیلیے کوشاں ہے اور تمام مشکلات کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، کوتاہیوں سے انکار نہیں کرتے لیکن اتفاق رائے اور ہم آہنگی سے ملک کو آگے بڑھا رہے ہیں۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/0QECfp7

No comments