Breaking News

بانڈز میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یو اے ای حکومت کا اہم اقدام

یو اے ای : متحدہ عرب امارات کی مرکزی حکومت نے پہلی بار مارکیٹ میں ڈالر کے بانڈ پیش کیے ہیں جس کے ذریعے تین سے ساڑھے تین ارب ڈالرز حاصل کیے جائیں گے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی ریاستیں ابوظبی اور دبئی انفرادی طور پر بانڈز جاری کرتی تھیں مگر یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وفاقی سطح پر ایسے بانڈز کا اجراء کیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ بانڈز دس،20 اور40 برس کی مدت کے لیے ہیں، دستاویزات کے مطابق یہ بانڈز ایک ہی دن میں فروخت کیے جائیں گے۔

دس سالہ مدت کے بانڈز کو105 بنیادی پوائنٹس کی قیمت پر20 برس کی مدت والے بانڈز کو135 بنیادی پوائنٹس جبکہ40 سال کی مدت والے بانڈز کو تین اعشاریہ چھ فیصد پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

بانڈز کی فروخت کے بارے میں جاننے والے دو ذرائع نے روئٹرز کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خزانہ کو توقع ہے کہ اس کے ذریعے تین سے ساڑھے تین ارب ڈالرز جمع کیے جا سکیں گے۔

فکسڈ انکم کے ایک ماہر نے بتایا کہ امکان ہے کہ یہ بانڈز ابوظبی کے بانڈز کے مقابلے میں دس بنیادی پوائنٹس کے ساتھ بڑھ کر مارکیٹ میں آئیں گے، پہلی بار اجراء کو دیکھتے ہوئے امید کی جاتی ہے کہ اس میں نیا انشورنس پریمیم ہوگا۔

معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والےادارے موڈیز نے ابوظبی کے بانڈز کے تحت متحدہ عرب امارات کے بانڈز کو بھی اے اے ٹو ریٹنگ دی ہے۔

اس اندازے کے تحت بھی ان بانڈز کو مستحکم دیکھا جاتا ہے کہ ان کو ابوظبی حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے جس کی بیلنس شیٹ بہت مضبوط ہے۔

فِچ ریٹنگ نے ان بانڈز کو اے اے منفی ریٹنگ دی ہے جس کو ضرورت پڑنے پر ابوظبی کے اے اے مستحکم کی سپورٹ حاصل ہوگی۔ ان بانڈز سے ملنے والا سرمایہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے منظور کردہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

The post بانڈز میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے یو اے ای حکومت کا اہم اقدام appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2WP6MjH

No comments