ایران کیخلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، افزودہ یورینیم کا خاتمہ ضروری ہے: نیتن یاہو
(10 مئی 2026): اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، افزودہ یورینیم کا خاتمہ ضروری ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیتن یاہو نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ جب تک ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر کو وہاں سے نکال باہر نہیں کر دیا جاتا تب تک تہران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کو ختم نہیں سمجھا جا سکتا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ یہ معاملہ ابھی حل طلب ہے کیونکہ ابھی بھی وہاں ایسا جوہری مواد موجود ہے جسے ہٹانا ضروری ہے اور افزودگی کے مراکز کو ختم کیا جانا باقی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ جلد پاکستان میں ہوگا‘
انٹرویو میں جب نیتن یاہو سے پوچھا گیا کہ یورینیم کو کیسے ہٹایا جائے گا تو انہوں نے کہا کہ آپ اندر جائیں اور اسے نکال لیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسی قسم کا مؤقف رکھتے ہیں اور انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم سے کہا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران جنگ ختم کرنے کیلیے مقامی سطح پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ان کا اصرار ہے کہ تہران کا جوہری پروگرام قابو میں آ چکا ہے۔
اتوار کو نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران فوجی طور پر شکست کھا چکا ہے اور وہ جب چاہیں وہاں سے یورینیم ہٹا سکتے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم ان جگہوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور اگر کوئی وہاں گیا تو ہمیں معلوم ہو جائے گا اور ہم انہیں اڑا دیں گے۔
دوسری جانب نیتن یاہو نے سی بی ایس سے گفتگو میں کہا کہ وہ یورینیم نکالنے کیلیے کسی معاہدے کو ترجیح دیں گے لیکن اگر ضرورت پڑی تو اسے طاقت کے ذریعے نکالنا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/8LoubgO
No comments