سانحہ بارہ مئی : عدالت کا وسیم اختر پر اظہار برہمی
کراچی : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 12 مئی سے متعلق 7 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ وسیم اختر کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔
کراچی کی اے ٹی سی میں سانحہ 12مئی کے7مقدمات کی سماعت کے موقع پر ایم کیوایم پاکستان کے رہنما وسیم اختر پیش نہ ہوسکے ان کی عدالت کے بغیر اجازت بیرون ملک جانے پرجج نے برہمی کا اظہار کیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت پر ان سے وضاحت طلب کرلی، وسیم اختر کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے مؤکل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی تھی وسیم اختر نے انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر2سے اجازت لی ہے۔
وکیل نے کہا کہ وسیم اختر ضروری کام سے ملک سے باہر گئے ہیں، جج نے ریمارکس دیئے کہ فاضل عدالت میں بھی مقدمات زیرسماعت ہیں، آپ نے فاضل عدالت سے اجازت نہیں لی۔
جج نے وکیل پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ فاضل عدالت کی اجازت کے بغیر آپ کے مؤکل کیسے ملک سے باہر چلے گئے؟ وسیم اختر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے عدم حاضری پر ایم کیو ایم کارکن حنیف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزم حنیف کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 12 مئی سے متعلق 7 مقدمات کی سماعت اس ماہ کے آخر تک ملتوی کردی۔
The post سانحہ بارہ مئی : عدالت کا وسیم اختر پر اظہار برہمی appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3qa4cAx
No comments