Breaking News

یوکرین پر حملے پر روسی وفد پشیمان، معافی مانگ لی

اقوام متحدہ کے زیراہتمام منعقدہ ماحولیاتی کانفرنس میں شریک روسی وفد کے سربراہ نے اپنے ملک کے یوکرین پر حملے پر معافی مانگ لی ہے۔

غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق روسی وفد کے سربراہ اولیگ انسیموف نے ورچوئل میٹنگ میں یوکرین پر روس کے حملے پر اپنی پشیمانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حملے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس میں روسی وفد کے سربراہ کا یہ حیران کن بیان اس وقت آیا جب اسی اجلاس میں ان کے یوکرینی ہم منصب سویتلا ناکراکوسکا روس کے حملے کے بعد اپنے حالات زار سے شرکا کو آگاہ کررہے تھے۔

اس موقع پر اولیگ اچانک بول اٹھے کہ مجھے ان تمام روسیوں کی جانب سے معافی مانگنے دیں جو اس تنازع کو روک نہ سکے، جو لوگ یہ دیکھ رہے ہیں کہ کیا ہورہا ہے وہ یوکرین پر حملے کا کوئی جواز تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ روس کو یوکرین پر حملے کے بعد دنیا بھر سے شدید ردعمل کا سامنا ہے، امریکا، برطانیہ، یورپی یونین سمیت کئی ممالک روس پر متعدد پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔

چین نے روس یوکرین تنازع کا ذمے دار امریکا اور نیٹو کی جارحانہ پالیسیوں کو قرار دیا ہے جب کہ ترکی نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوانے کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی ہے۔



from عالمی خبریں – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/n2Xc9TN

No comments