Breaking News

وزیرداخلہ کا کراچی سے اغوا ہونے والے صحافی کی فوری بازیابی کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کراچی سے نجی ٹی وی کے اسائمنٹ ایڈیٹر نفیس نعیم کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو صحافی کی فوری بازیابی کی ہدایت کردی۔

وزیرداخلہ راناثنااللہ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ پولیس اور متعلقہ ادارے نفیس نعیم کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئےلائیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملے میں سندھ پولیس کو ہر قسم کی تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
آئی جی سندھ نے وزیرداخلہ کو نفیس نعیم کو جلدبازیاب کرانےکی یقین دہائی کروائی ہے۔

کراچی پریس کلب نے سینئرصحافی اورآج نیوز کے سینئر اسائنمنٹ ایڈیٹرنفیس نعیم کے نامعلوم سادہ لباس اہلکاروں کے ہاتھوں اغوا اور لاپتہ کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے واقعے کا فوری نوٹس لیکرلاپتہ صحافی کو بازیاب کرنے کا مطالبہ کیاہے۔

پیر کو جاری بیان میں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی،سیکرٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگر عہدیداروں نے بتایا کہ پیرکے روزنفیس نعیم کو نامعلوم سادہ لباس اہلکاراس وقت اپنے ہمراہ لے گئے جب وہ ناطم آباد میں واقع اپنے گھر کے قریب مارکیٹ سے سودا سلف خرید رہے تھے، عینی شاہدین کے مطابق انہیں پولیس موبائل میں ڈال کر لے جایا گیا جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ نفیس نعیم کو اغوا کرنے والے سرکاری اہلکار تھے۔

انہوں نے کہاکہ سینئرصحافی کا دن دہاڑے اغوا لاقانونیت کی انتہا اور اس سلسلے کی کڑی ہے جس کا شکار ملک بھر میں صحافی مسلسل ہورہے ہیں۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ZXnfSMc

No comments