Breaking News

بابرغوری بیرون ملک روانہ ہو گئے

ایم کیو ایم کے رہنما و سابق وفاقی وزیر کو انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے بے گناہ قرار دے کر مقدمہ سی کلاس کیے جانے کے بعد بابر غوری دبئی روانہ ہو گئے۔

نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بابرغوری کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ اہلیہ بھی تھیں۔

بتایا گیا ہے کہ غیرملکی ایئرلائن ای کے 603 سے دبئی روانہ ہوائے جہاں سے وہ امریکا روانہ ہو جائیں گے۔

بدھ کی صبح پولیس نے ایم کیو ایم رہنما بابر غوری کو عدالت میں پیش کیا تو عدالت میں پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کردی اور کہا کہ قانون کے مطابق رپورٹ بنا کر لائیں، رپورٹ دفعہ 497 کے مطابق نہیں دفعہ 169 کے تحت بنے گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ شواہد نہیں ملے اور ملزم کا مقدمے میں نام نہیں تو رہا کیوں نہیں کیا؟ عدالت نے تفتیشی افسر کو 20 منٹ میں نئی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا تاہم تفتیشی افسر وہاں موجود نہیں تھا۔

خیال رہے کہ بابر غوری کو 4 جولائی کی صبح امریکا سے واپسی پر پولیس نے کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔

بابر غوری کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے جس میں بابر غوری پر ملک مخالف اور اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام تھا۔

عدالت نے بابر غوری کو 12 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں دیا تھا۔ اس دوران بابر غوری نے ضمانت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت سے بھی رجوع کرلیا تھا۔

عدالت نے بابر غوری کی درخواست ضمانت پر تفتیشی افسر سے جواب طلب کرتے ہوئے بابر غوری کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔



from پاکستان – ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3MgcWPv

No comments