7 سالہ بچے کی حاضر دماغی، کمسن بہن کی جان بچا لی
ریاض: سعودی عرب میں ایک 7 سالہ بچے نے کمسن بہن کے سیڑھیوں سے پھسل کر گر جانے پر اپنی حاضر دماغی سے اس کی جان بچا لی، بچے نے نہ صرف بہن کو طبی امداد دی بلکہ ہلال احمر کو فون کر کے مدد بھی طلب کی۔
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 7 سالہ بچے نے ہلال احمر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے مدد طلب کی اور اپنی بہن کو بچانے کے لیے ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی۔
سعودی ہلال احمر کی عہدیدار الا الدبیکل کا کہنا ہے کہ ایک بچے نے ہلال احمر سینٹر فون کیا اور کہا کہ وہ گھر پر اکیلا ہے، اس کے والدین موجود نہیں اور اس کی بہن گھر میں پھسل کر بے ہوش ہو گئی ہے۔ اس کا خون بہہ رہا ہے اور اسے فوری مدد کی ضرورت ہے۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ بچے نے ہلال احمر سے مدد طلب کرنے کا طریقہ اسکول میں سیکھا تھا، اسے ابتدائی طبی امداد کا طریقہ کار بھی بتایا گیا تھا۔ اس نے ایک طرف تو ہلال احمر کو فون کیا اور دوسری جانب اپنی بہن کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی۔
ہلال احمر کے سربراہ جلال العویسی کا کہنا ہے کہ خواہش ہے کہ مملکت بھر میں ابتدائی طبی امداد کا طریقہ کار ہر فرد سیکھے، یہ بڑی تکلیف دہ بات ہے کہ آپ کے سامنے آپ کا کوئی پیارا ابتدائی طبی امداد کا طلب گار ہو اور آپ چاہنے کے باوجود اس کی مدد سے قاصر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی شہری ہوں یا غیر ملکی سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ابتدائی طبی امداد کا طریقہ کار کی ضرور تربیت لیں کیونکہ کسی کا بھی پیارا اس قسم کی ہنگامی صورتحال سے دو چار ہوسکتا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/z6JYmKa
No comments