’مذاکرات کا کوئی آپشن نہیں بچا، عوام کا فیصلہ فوری انتخابات‘
پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ اب مذاکرات کا کوئی آپشن نہیں بچا ہے، عوام کا فیصلہ ہے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران حکومت سے مذاکرات کی خبروں پر سابق گورنر سندھ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
عمران اسماعیل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مذاکرات کی جھوٹی افواہیں اڑانے والے ناکام ہونگے، اب مذاکرات کا کوئی آپشن نہیں بچا، عوام کا فیصلہ ہے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریاں اور ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، میڈیا پر پابندی اور کابینہ کی طرح کمیٹی میں بھرمار کرکے گمراہ کیا جا رہا ہے، ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا ہے اور وہ ہے حقیقی آزادی۔
عمران اسماعیل نے وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے بیان پر بھی ردعمل دیا ہے اور کہا ہے کہ ان سے بات کرنا بھی کون چاہتا ہے؟ ویسے بھی یہ تو اپاہج حکومت ہے ان کے ہاتھ میں ہے ہی کیا؟
مذاکرات کی جھوٹی افواہیں اڑانے والے ناکام ہونگے مذاکرات کاکوئی آپشن نہیں بچا عوام کا فیصلہ ہے فوری انتخابات کارکنوں،رہنماؤں کی گرفتاریاں جھوٹے مقدمے بنائے جارہے ہیں میڈیا پر پابندی اور کابینہ کی طرح کمیٹی میں بھرمار کرکے گمراہ کیا جارہا ہے ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا ہےحقیقی آزادی
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) October 30, 2022
دوسری جانب ایک اور پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید نے اپنے بیان میں حکومت اور تحریک انصاف کے مابین مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی میں کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت افواہیں پھیلا کر اپنی گھبراہٹ چھپانا چاہ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج حقیقی آزادی مارچ کے تیسرے دن کے سفر کا آغاز ہو رہا ہے، پاکستان کا ہر فرد موجودہ حکومت سے نجات چاہتا ہے، عمران خان کی قیادت میں عوام کا سمندر حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لے گا۔
from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/MYxi9bX
No comments