Breaking News

بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے، صوبے میں مزید 75 کیسز رپورٹ کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں ڈینگی وائرس کے مزید 75 کیسز رپورٹ کیے گئے، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹے کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ لسبیلہ سے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 30 ہے، کیچ سے 28 اور گوادر سے 17 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال بلوچستان سے ڈینگی کے 4 ہزار 228 کیسز سامنے آئے، سال بھر میں کیچ سے 3 ہزار 91، لسبیلہ سے 575 اور گوادر سے 540 کیسز سامنے آئے۔

خیال رہے کہ ادارہ قومی صحت کی جاری کردہ ملک میں سال بھر کے ڈینگی کیسز کی رپورٹ کے مطابق، رواں سال ملک بھر میں 41 ہزار 746 ڈینگی کیسز سامنے آئے اور 84 اموات ہوئیں۔

قومی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کا سب سے زیادہ پھیلاؤ صوبہ سندھ میں رہا، سندھ میں 12 ہزار 947 کیسز اور 43 اموات ہوئیں۔

خیبر پختونخواہ میں 11 ہزار 613 ڈینگی کیسز اور 9 اموات، پنجاب میں 9 ہزار 410 کیسز اور 25 اموات، بلوچستان میں 3 ہزار 949 کیسز، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 169 کیسز اور 7 اموات جبکہ آزاد کشمیر میں 677 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔



from پاکستان Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/WkPl6e5

No comments