ایران میں آسکر ایوارڈ یافتہ ایرانی اداکارہ ترانہ علی دوستی گرفتار
تہران: ایران میں جاری مظاہروں کی حمایت کیوں کی؟ تہران میں آسکر ایوارڈ یافتہ ایرانی اداکارہ ترانہ علی دوستی کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران میں کُرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد جاری مظاہروں کی حمایت کے نتیجے میں آسکر ایوارڈ یافتہ ایرانی اداکارہ ترانہ علی دوستی کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایرانی حکومت نے معروف اداکارہ کو غلط معلومات اور افراتفری کو ہوا دینے کے الزام میں گرفتار کیا ہے، ترانہ علی نے ایران میں جاری مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک ہفتہ قبل بغیر اسکارف تصویر پوسٹ کر کے احتجاج کیا تھا۔ اداکارہ ترانہ علی کی فلم دی سیلز مین کو 2017 میں آسکر ایوارڈ ملا تھا۔
ایران کی سرکاری میڈیا نے ہفتے کے روز بتایا کہ ایرانی حکام نے ملک کی سب سے مشہور اداکاراؤں میں سے ایک کو ملک بھر میں ہونے والے مظاہروں کے بارے میں جھوٹ پھیلانے کے الزام میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے، ترانہ دوستی نے سزائے موت پانے والے شہری کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا تھا۔
اپنی پوسٹ میں 38 سالہ اداکارہ نے لکھا ”ان کا نام محسن شیکاری تھا۔ ہر وہ بین الاقوامی ادارہ جو اس خوں ریزی کو دیکھ رہا ہے اور ایکشن نہیں لے رہا، انسانیت کی تذلیل ہے۔‘‘ واضح رہے کہ شیکاری کو 9 دسمبر کو ایران کی ایک عدالت کی طرف سے تہران میں ایک سڑک کو بند کرنے اور ملکی سیکیورٹی فورسز کے ایک رکن پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں پھانسی دی گئی تھی۔
ایران میں حجاب کے معاملے پر پولیس کی زیر حراست 22 سالہ کُرد خاتون مہسا امینی کی موت کے خلاف ستمبر سے جاری مظاہروں میں اب تک 14 ہزار افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، جب کہ اس دوران 63 بچوں سمیت 458 افراد ہلاک ہوئے۔
ایرانی حکومت کا مظاہروں میں شریک افراد کو سزائے موت دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور حال ہی میں 2 نوجوانوں کو سزائے موت دی گئی ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/OJPxQ0L
No comments