امریکی ساحل پر ملنے والا انسانی پاؤں 2018 میں لاپتا ہونے والی خاتون کا نکلا
واشنگٹن: امریکا میں کئی سال سے لاپتا ایک اور شہری کی شناخت اس کے جسم کی باقیات سے ہو گئی، ایک سال قبل دریائے ایلوا سے ملنے والا انسانی پاؤں 2018 میں لاپتا ہونے والی ایک خاتون کا نکلا۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن کے ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ ایک سال قبل امریکی ساحل پر ملنے والا انسانی پاؤں 2018 میں لاپتا ہونے والی 68 سالہ خاتون جیرلن ایل اسمتھ کا نکلا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون کا پاؤں اسپورٹس کے جوتوں کے برانڈ ’بیلنس اسنیکر‘ کے اندر ملا تھا، جو دسمبر 2021 میں دریائے ایلوا کے دہانے کے قریب بہتا ہوا آیا تھا، کلالم کاؤنٹی کے اہل کاروں نے ان باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے چندے کے ذریعے 7,500 ڈالرز کی رقم جمع کی تھی۔
واشنگٹن حکام نے منگل کو اعلان کیا کہ جانچ میں باقیات کی شناخت جیرلن ایل اسمتھ کے طور پر ہوئی ہے، جو جنوری 2018 میں واشنگٹن ریاست کے شہر سیکوِم میں اپنے گھر سے غائب ہو گئی تھی۔
خاتون کے شوہر نے ان کی کار دریائے ایلوا کے پل کے قریب پائی تھی، کھوجی کتوں کو خاتون کی بو پل کے عین درمیان تک لے آئی تھی، لیکن اس کے بعد غوطہ خور انھیں تلاش نہیں کر سکے تھے۔
ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپل ٹیکساس کی ایک لیبارٹری لے جائے گئے تھے، جہاں سے کلالم پولیس کو متوفی کے ممکنہ رشتہ داروں کی ایک فہرست فراہم کی گئی، جس پر پولیس کے جاسوسوں نے اس خاندان کے ایک فرد سے ڈی این اے کے لیے نمونہ حاصل کیا اور ٹیکساس کی لیب نے ان کی میچنگ کی تصدیق کر دی۔
ڈوبی ہوئی کار سے برآمد انسانی باقیات 1976 سے لاپتا طالب علم کی نکلی
خاتون کی موت کی وجہ اور طریقہ کیا تھا، اس سلسلے میں پولیس نے میڈیا کو کوئی اطلاعات فراہم نہیں کیں۔
واضح رہے کہ 2007 سے اب تک واشنگٹن اور کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں سیلیش سمندر کے ساحلوں پر جوتے میں دو درجن سے زیادہ انسانی پاؤں بہتے ہوئے ملے ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/evqQbGZ
No comments