برطانیہ میں اسکول بند، ٹرینیں رک گئیں، فوج کو الرٹ کردیا گیا
تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کیلیے برطانیہ کے لاکھوں سرکاری ملازمین نے کام چھوڑ دیا اسکول بند اور ٹرینیں رک گئیں فوج کو الرٹ کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق برطانیہ میں تنخواہوں اور مراعات کے لیے اساتذہ سمیت لاکھوں سرکاری ملازمین کا احتجاج ملک بھر میں پھیل گیا ہے۔ 5 لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین کام چھوڑ کر اپنے مطالبات کی منظوری کیلیے سڑکوں پر آگئے ہیں جس کے باعث سرکاری امور ٹھپ ہوگئے ہیں۔
احتجاج میں اساتذہ، ایمبولینس، ٹرین، بس اور بارڈر فورس کے ملازمین سمیت 124 محکموں کے 5 لاکھ ملازمین نے حصہ لیا اور ملک بھر میں 75 سے زیادہ احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
برطانیہ بھر میں لاکھوں اساتذہ کے احتجاج پر ہونے کے باعث 85 فیصد اسکول اور 150 یونیورسٹیز جزوی یا مکمل طور پر بند ہوگئیں۔ جب کہ ٹرین اور بس ڈرائیورز کے ہڑتال پر چلے جانے سے ٹرینوں اور بسوں کا پہیہ بھی جام ہوگیا ہے جس کے باعث برطانوی عوام کو آمدورفت میں مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکومت نے ہنگامی صورتحال میں ذمے داریاں نبھانے کے لیے فوج کو الرٹ کردیا ہے۔
تنخواہوں اور مراعات میں سڑکوں پر نکلنے والے اساتذہ کا کہنا ہے کہ کم تنخواہوں کے باعث ہمارا گزر بسر مشکل ترین ہوگیا ہے اور ہم فوڈ بینک سے کھانا لینے پر مجبور ہیں اور اسی مجبوری کے باعث ہم لاکھوں سرکاری ملازمین اور ٹرین ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ سراپا احتجاج ہیں۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/SxdtFV0
No comments