Breaking News

پانچ سالہ بچی نے قران کریم حفظ کرنے کی عظیم سعادت حاصل کرلی

بھارت کے شہر حیدر آباد میں پانچ سال کی کم عمر بچی نے قران کریم حفظ کرنے کی عظیم سعادت حاصل کرلی، بچی کے والد اور والدہ دونوں حافظ قرآن ہیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں واقع مدرسہ جامعتہ المؤمنات کی سیدہ سحرش مبین نے محض پانچ برس سات ماہ کی عمر میں قرآن پاک کو حفظ کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ سحرش مبین نے صرف ایک سال کے عرصے میں اللہ کی آخری کتاب کو اپنے سینے میں محفوظ کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

بچی کی معلمہ نے بتایا کہ حافظہ سحرش مبین نے تین سال پانچ ماہ کی نہایت چھوٹی عمر میں سورہ یاسین کو حفظ کیا تھا، ساڑھے چار سال میں انھوں نے قرآن پاک حفظ کرنے کا آغاز کیا۔

سیدہ سحرش نے محض پانچ سال سات ماہ کی عمر میں اس عظیم کتاب کو یاد کرنے کی سعاد حاصل کی جب کہ بچی کی معلمہ نے بتایا کہ وہ روزانہ 12 گھنٹے قرآن کی تلاوت کرواتی تھیں۔

مدرسے کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشا کے مطابق جامعتہ المؤمنات کی تاریخ میں یہ پہلی بچی ہے جس نے اتنی کم عمری میں حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے جب کہ مدرسے سے ہزاروں طالبات حافظہ بن کر نکل چکی ہیں۔

مدرسے کے اساتذہ کا اس بابت کہنا تھا کہ مسلمانوں کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کو دین کی طرف راغب کریں تاکہ وہ آنے والی زندگی میں کامیاب ہوسکیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/mJ0Wt9E

No comments