طالبان نے اسکالر شپ پر دبئی جانے والی 100 طالبات کو روک لیا
طالبان انتظامیہ نے اسکالر شپ پر جانے والی 100 طالبات کو دبئی جانے سے روک دیا انہیں یو اے ای کے ایک بزنس فورم نے اسپانسر کیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں حکمراں طالبان انتظامیہ نے اسکالر شپ پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دبئی جانے والی 100 طالبات کو روک لیا ہے۔ ان طالبات کو متحدہ عرب امارات کے ایک بزنس فورم نے اسپانسر کیا تھا اور لڑکیوں کو افغانستان سے لانے کے لیے خصوصی طیارے کو ادائیگی بھی کر دی گئی تھی۔
طالبان کے اس اقدام پر اسپانسرڈ بزنس گروپ کے چیئرمین خلف احمد الحبتور نے ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’میں اُس مایوسی کا اظہار کرنے سے قاصر ہوں جو میں اب محسوس کر رہا ہوں، کیونکہ افغان طالبات جنہیں میں نے تعلیمی وظیفہ فراہم کیا تھا، بدقسمتی سے دبئی ایئرپورٹ تک نہیں پہنچ سکیں‘
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی یونیورسٹی کے تعاون سے خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا تھا، لیکن یونیورسٹی میں ان کے داخلے، رہائش، نقل و حمل، ہیلتھ انشورنس اور خواتین طالبات کے لیے انتہائی آرام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع خدمات حاصل کرنے کے باوجود ہماری امنگوں کو کچل دیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا کے افغانستان سے انخلا کے بعد طالبان کو نظام حکومت سنبھالے دو سال ہوگئے اس دوران امارات اسلامیہ کی جانب سے خواتین مخالف کئی اقدامات سامنے آئے ہیں۔
طالبان انتظامیہ نے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد کی، خواتین کے بیوٹی پارلز بند کر دیے گئے۔
گزشتہ دنوں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے خلاف افغانستان میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کارکن محبوبہ سراج سامنے آگئیں اور بچیوں پر تعلیم کے دروازے کھلوانے کے لیے انہوں نے طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے سامنے ہاتھ جوڑ لیے تھے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/4YO5w3Q
No comments