سعودی عرب میں "کشمیر میں خون، چیخیں اور آنسو” کے عنوان سے تصویری نمائش
اسلامی تعاون تنظیم ہیڈ کوارٹرز جدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے”کشمیر میں خون، چیخیں اور آنسو” کے عنوان سے ایک تصویری نمائش اور تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ہیڈ کوارٹرز جدہ میں پاکستان مشن کی جانب سے”کشمیر میں خون، چیخیں اور آنسو” کے عنوان سے ایک تصویری نمائش اور یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل او آئی سی سمیر باقر تھے۔
تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کو تصویری نمائش کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔
تصویروں میں دیکھایا گیا کہ گزشتہ 75 برسوں سے بھارت کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور ان کی تحریک آزادی اور بنیادی حقوق پر قابض ہے۔ وہ ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا خون بہا رہا ہے تو دوسری جانب کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرکے ان کی شناخت کو ختم کر دینا چاہتا ہے۔
تقریب سے خطاب میں او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید محمد فواد شیر نے کہا کہ بھارتی ریاستی مشینری مقبوضہ کشمیر کے بے گناہ اور غیر مسلح شہریوں کیخلاف ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔
مہمان خصوصی اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل او آئی سی سمیر باقر نے کہا کہ او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حق خود ارادیت کو بہت اہمیت دیتی ہے اور یہ معاملہ او آئی سی کے تمام سربراہی اجلاس اور وزرائے خارجہ کے اجلاسوں کے ایجنڈا میں رہا ہے۔
تقریب سے قونصل جنرل خالد مجید اور چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود احمد پوری نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سفارت کاروں، پاکستان اور کشمیر کمیونٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/U5Qrp3d
No comments