Breaking News

سعودی ولی عہد کا اہم اقدام

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اہم اقدام کرتے ہوئے گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد پانی کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنا ہے۔

عالمی سطح پر پانی کی دستیابی کے سلسلے میں جو چیلنجز ہیں ان سے نمٹنے کےلیے گلوبل واٹر آرگنائزیشن کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے۔ آرگنائزیشن کے مرکزی دفتر کے لیے ریاض کو چنا گیا ہے۔

اس اقدام سے نہ صرف مذکورہ مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ بین الاقوامی توجہ بھی اس جانب مبذول ہوگی۔

سعودی سرکاری ادارے نے بتایا کہ ترجیحی نوعیت کے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور ان کی فنڈنگ کو آسان بنایا جائے گا۔ پانی کی بین الاقوامی تنظیم ٹیکنالوجی، تجربات، جدت، ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کے ذریعے پانی کے مسائل حل کرنے کے لیے پلیٹ فارم کا کام کرے گی۔

حکام آبی وسائل کو قابل اعتبار بنانے کے لیے کوشاں ہیں، سعودی عرب دنیا بھر میں آبی مسائل سے نمٹنے اور ماحولیاتی مسائل کے حل کے حوالے سے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ یہ اقدام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

فراہمی و نکاسی آب کے منصوبوں کے لیے سعودی عرب نے چار براعظموں میں واقع ممالک کو چھ ارب ڈالر سے زائد کے فنڈز مہیا کیے ہیں۔

گلوبل واٹر آرگنائزیشن پانی کے چیلنجوں سے دوچار ممالک کے ساتھ مل کر مشترکہ اہداف کے حصول اور متعلقہ منصوبوں کو قومی ایجنڈے میں سرفہرست رکھنے کے لیے کام کرے گا۔

2050 تک پانی کی بین الاقوامی طلب دگنی ہوجائے گی، عالمی آبادی کے 9.8 ارب نفوس تک پہنچنے کے پیش نظر سعودی عرب نے پانی کے مسائل سے نمٹمنے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/wEVZpAb

No comments