جیل سے بھاگنے والا برطانوی فوجی دوبارہ گرفتار، ویڈیو وائرل
لندن : جیل سے فرار ہونے والے سابق برطانوی فوجی کو پولیس نے ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے جیل سے فرار ہونے والے سابق برطانوی فوجی ڈینئل خلیفے کو تین روز کی کوشش کے بعد دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔
ڈینئل خلیفے چھ ستمبر کی صبح لندن کی وینڈز ورتھ جیل سے فرار ہوا تھا جس کے خلاف دہشت گردی کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جانا تھا۔ پولیس نے ڈینئل خلیفے کی اطلاع دینے والے کے لیے 20ہزار پاؤنڈ کا اعلان بھی کیا تھا۔
ہفتے کو میٹرو پولیٹن پولیس نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں بتایا کہ پولیس آفیسرز نے ہفتے کی صبح گیارہ بجے چسوک کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران ملزم کو حراست میں لیا اور وہ اب تک پولیس کی تحویل میں ہے۔
دہشت گرد ڈینیل خلیفے کو نارتھولٹ ویسٹ لندن میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب اسے ایک نہر کے نیچے ایک موٹر سائیکل پر سوار ہوتے دیکھا گیا تھا۔
Terrorist Daniel Khalife was arrested in Northolt, West London as he was seen riding his bike down the canal pic.twitter.com/oHZMaKiDmd
— UB1UB2 West London (Southall) (@UB1UB2) September 9, 2023
واضح رہے کہ ڈینئل خلیفے کو جیل کے کچن میں کام کاج پر لگایا گیا تھا اور وہ چھ ستمبر کو ایک ڈیلیوری وین کے نچلے حصے سے چمٹ کر جیل کی حدود سے فرار ہوگیا تھا۔
جیل سے فرار کے وقت ڈینئل خلیفے سفید ٹی شرٹ اور سرخ و سفید چیک کے شیف کے یونیفارم میں ملبوس تھا۔
ڈینئل خلیفے پر 2021 میں ایسی معلومات افشا کرنے کی کوشش کا الزام تھا جو کسی بھی ایسے شخص کے لیے مفید ہو سکتی تھیں جو دہشت گردی کی کسی کارروائی کا ارتکاب یا اس کی تیاری کر رہا ہو۔
ڈینئل خلیفے 28 جنوری کو لندن کی ایک عدالت میں پیش ہوا تھا اور اسے وسطی انگلینڈ کے علاقے اسٹینفرڈ میں رائل ایئر فورس کے ایک اڈے پر دو مختلف واقعات کے سلسلے میں ریمانڈ پر حراست میں رکھنے کے لیے جیل بھیجا گیا تھا۔
ڈینئل خلیفے پر الزام ہے کہ اس نے رواں برس جنوری میں رائل ایئر فورس اڈے پر ایک مشتبہ ڈیوائس رکھ کر بم کے خطرے کا دھوکہ دیا تھا۔ اس مقدمے کی سماعت 13 نومبر کو جنوبی لندن میں وول ورتھ کراؤن کورٹ میں ہونا ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/SevnqAB
No comments