ڈاکٹر کے مشورے سے مریض کروڑ پتی بن گیا
اوسلو : ناروے کے ایک شہری کو جزیرے کی سیر کے دوران اچانک بہت بڑا خزانہ ہاتھ لگ گیا، محض سیرو تفریح کی غرض سے جانے والا شخص سونے کے زیورات کا مالک بن بیٹھا۔
تفصیلات کے مطابق مشغلے کو تلاش کرنا 15 سو سال قدیم خزانے کی دریافت کا باعث بن گیا، مذکورہ شخص ڈاکٹر کے مشورے پر جزیرے کی سیر کیلئے گھر سے روانہ ہوا تھا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 51سالہ ایرلین بور کو ڈاکٹر نے کوئی مشغلہ اپنانے کا مشورہ دیا بجائے اس کے کہ وہ گھر میں ہی بیکار بیٹھے رہیں کسی مشغلے کو تلاش کرنے کی یہی جستجو صدیوں پرانے خزانے کی دریافت کا سبب بن گئی۔
ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے ایرلین نے ایک میٹل ڈیٹیکٹر یعنی کسی بھی دھات کا کھوج لگانے والا آلہ خریدا اور پہاڑوں کی طرف نکل گئے۔
اسی سلسلے میں ایک دن انہوں نے ناروے کے جنوب مغربی شہر ستاوینجر کے قریب واقع جزیرے ’رینسوئے‘ کا رخ کیا اور میٹل ڈیٹیکٹر بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
جزیرے پر گھومتے پھرتے ان کے میٹل ڈیٹیکٹر نے کسی دھات کی موجودگی کا اشارہ دیا، پہلے تو ایرلین کا خیال تھا کہ شاید چاکلیٹ کے سکے ریت میں دھنسے ہوئے ہیں جن کی موجودگی پر ڈیٹیکٹر نے الرٹ بھیجا ہے لیکن توجہ دینے پر یہ انکشاف ہوا کہ یہاں سونے کے زیورات دفن ہیں جو شاید کسی نے 15 سو سال قبل چھپائے ہوں گے۔
یونیورسٹی آف سٹاوانگر میں آرکیالوجی میوزیم کے ڈائریکٹر اولے میڈسن کا کہنا ہے کہ ایک ہی وقت میں اتنی مقدار میں سونے کی دریافت انتہائی غیرمعمولی ہے۔
یونیورسٹی کے خیال میں سونے کے زیورات کا وزن ایک سو گرام سے زیادہ ہے، ناروے کے قانون کے تحت 1537 سے پہلے کی اشیاء اور 1650 سے پہلے کے سکے ریاست کی ملکیت ہیں اور انہیں حکومت کے حوالے کرنا چاہیے۔
آرکیالوجی میوزیم کے پروفیسر ہیکن ریرسن کا کہنا ہے کہ سونے کے لاکٹ 500 صدی عیسوی کے ہیں جب یورپ بشمول ناروے میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا سلسلہ جاری تھا۔
پروفیسر کا کہنا ہے کہ یہ زیورات انتہائی ماہر لیبر نے بنائے ہیں جسے معاشرے کے طاقتور افراد پہنتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 19 ویں صدی سے ناروے میں کسی قسم کی اہم دریافت نہیں ہوئی اور موجودہ دریافت انتہائی غیرمعمولی ہے۔
اسی قسم کے زیورات ناروے کے علاوہ سویڈن اور ڈنمارک میں بھی ملے ہیں۔ یہ زیورات دارالحکومت اوسلو سے 300 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سٹاوانگر کے آرکیالوجی میوزیم میں رکھے جائیں گے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/M21B5su
No comments