Breaking News

چین میں جائیداد خریدنے پر لگی پابندیاں اٹھالی گئیں

بیجنگ : چین کے تین بڑے شہروں میں گھر خریدنے پر لگائی جانے والی پابندی ختم کردی گئی، حکومت کے اس اقدام کا مقصد پراپرٹی سیکٹر میں قرضوں کے باعث پیدا ہونے والے بحران پر قابو پانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت چین کے حکام پراپرٹی سیکٹر کی بحالی کے لیے جائیداد کی خرید و فروخت پر لگائی جانے والی پابندی کے خاتمے کیلئے مرحلہ وار اقدامات کررہے ہیں۔

شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ کے دو سب سے زیادہ آبادی والے شہروں دالیان اور شینیانگ اور دارالحکومت شنگھائی کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ اب ان شہروں کے بیشتر علاقوں میں خریدی جانے والی جائیدادوں کی تعداد کو محدود نہیں کیا جائے گا بلکہ خریداروں کے لیے سبسڈی اور فروخت کنندگان کے لیے ٹیکس میں ریلیف کی پیشکش بھی کی جائے گی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ اعلان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فلیٹ کے خریداری کیلئے لاگو شرائط میں بھی مؤثر نرمی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چین کا قرضوں سے دوچار پراپرٹی سیکٹر ملک کی اقتصادی سرگرمیوں کا ایک چوتھائی حصہ ہے جو سال2021 کے بعد سے تاحال تنزلی کا شکار ہے۔

مذکورہ شعبہ مقامی حکومتوں کو اپنی آمدنی کا بڑا حصہ بھی فراہم کرتا ہے جو اس وقت پراپرٹی ٹیکس اور زمین کی فروخت کے ذریعے تقریباً 12.8 ٹریلین ڈالر کے قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز کا کہنا ہے کہ اگر اس بحران پر قابو نہ پایا گیا تو اس شعبے کا مالی بحران سنگین ہوسکتا ہے۔

چینی معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں 50 ملین سے زیادہ غیر فروخت شدہ یا خالی اپارٹمنٹس موجود ہیں جو معاشی اور سماجی تناؤ کا باعث بن رہے ہیں۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/7CivSxp

No comments