کینیڈا، بھارت کشیدگی، معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں؟
کینیڈا اور بھارت کے درمیان حالیہ ہونے والے کشیدگی کے نتیجے میں دونوں ملکوں کی معیشت پر خطرات منڈ لانے لگے ہیں۔ اس حوالے سے کاروباری دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کے نتیجے میں صرف ہندوستان ہی نہیں بلکہ کینیڈا کی معیشت بھی بہت زیادہ متاثر ہوسکتی ہے، کینیڈا کی کمپنیوں میں بیشمار ہندوستانی کام کرتے ہیں۔ بڑے تجارتی شراکت دار ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر جاری تنازعہ کینیڈا میں کام کرنے والی ہندوستانی فرموں کے لیے خطرے کا الارم بجا رہا ہے۔
ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ کینیڈا کے لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ملک ہے، کینیڈا کی معیشت میں ہندوستانی ہنرمندوں کی شراکت اور کینیڈا میں ہندوستانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ 30بڑی کمپنیاں کینیڈا میں موجود ہیں،ان کی طرف سے ملک میں کی گئی سرمایہ کاری کی مالیت 40446 کروڑ روپے ہے، ان ہندوستانی کمپنیوں میں سے 85 فیصد نے مستقبل میں اختراع کے لیے فنڈنگ میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔
ہندوستانی کاروبار کینیڈا میں اپنے عروج پر ہے، جس کے دونوں ممالک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں، لیکن اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کمپنیوں کے کاروبار بھی براہ راست متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
ہندوستانی کمپنیاں جو کینیڈا میں کاروبار کررہی ہیں ان کے ذریعے 17000 سے زائد لوگ روزگار سے جڑے ہوئے ہیں، ان کمپنیوں کے تحقیق و ترقی کے اخراجات بھی 700 ملین کینیڈین ڈالر بتائے جاتے ہیں۔
ہندوستانی آئی ٹی کمپنیوں کا کینیڈا میں بڑا کاروبار ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی کمپنیاں سافٹ ویئر، قدرتی وسائل اور بینکنگ کے شعبوں میں اپنے امور انجام دے رہی ہیں، اس کے علاوہ کینیڈا کے پنشن فنڈز نے بھی ہندوستان میں 55 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کینیڈا کی جانب سے 2022-23 میں بھارت کو 4.05 بلین ڈالر کا سامان برآمد کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت 2021-22 میں سات بلین ڈالر تھی جو سال 2022-23 میں بڑھ کر 8.16 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
گزشتہ سال 2022 میں ہندوستان کینیڈا کا 10 واں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار تھا۔ مالی سال 2022-23 میں بھارت نے کینیڈا کو 4.10 بلین ڈالر کا سامان برآمد کیا۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/G6by0i9
No comments