سعودی عرب کا اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق اہم اعلان
ریاض : سعودی عرب اور افریقی ممالک کےدرمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب افریقی ممالک میں 25ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر دارالحکومت ریاض میں سعودی افریقی سربراہ کانفرنس منعقد ہوئی۔
کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ’اعلان ریاض‘ کے عنوان سے جاری کردیا گیا، رہنماؤں نے سعودی عرب کے ساتھ اسٹراٹیجک شراکت، مشترکہ مفادات اور جغرافیائی و تاریخی و ثقافتی رشتوں کی بنیاد پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنگ بندی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تاکید کی کہ عالمی برادری غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور اسرائیلی حملے بند کرانے کے لیے دباؤ ڈالے اور انسانی تنظیموں کو غزہ کے شہریوں تک بنیادی انسانی ضروریات کا سامان پہنچانے کا موقع دیا جائے۔
افریقی قائدین نے کہا کہ سعودی عرب نے گزشتہ 50 برس کے دوران 45 ارب ڈالر سے زیادہ افریقی ممالک کے انتہائی اہم شعبوں کی ترقی پر خرچ کیے جس سے 46 افریقی ممالک کو فائدہ ہوا۔
سربراہی کانفرنس میں شریک قائدین نے صنعت و کانکنی کے شعبے میں اقتصادی تعلقات بڑھانے، تیل کے ماسوا برآمدات میں اضافے کا عزم ظاہر کیا۔
سربراہی کانفرنس کے دوران سیاحت، سرمایہ کاری، مالیاتی امور، توانائی، تجدد پذیر توانائی، کان کنی، ٹرانسپورٹ، لاجسٹک خدمات، کھیتی باڑی، پانی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے متعدد اقتصادی شعبوں میں پچاس سے زیادہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/JLgFV4Z
No comments