بھارت میں شدید بارشیں، چنئی شہر ڈوب گیا، 5 افراد ہلاک
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں طوفان میچونگ کے باعث طوفانی بارشوں کے سبب چنئی شہر ڈوب گیا مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارت میں سمندری طوفان کے زیر اثر چنئی (مدراس) شہر میں طوفانی بارشوں سے سڑکوں پر سیلاب آ گیا۔ روڈ راستے کئی فٹ پانی میں ڈوب گئے اور گاڑیاں پانی کے منہ زور ریلے میں بہہ گئیں۔ تیز ہواؤں سے درخت گر گئے اور مختلف حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
بارش کے باعث جنوبی ریاست تامل ناڈو کے صدر مقام چنئی میں بجلی کا نظام بھی معطل ہو چکا ہے جب کہ شہر میں بارہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں اور اسکول دو روز کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ شہر کے بیشترعلاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے اور شہریوں کے معمولات زندگی معطل ہو چکے ہیں۔
چنئی ایئرپورٹ کا پورا رن وے اور ہوائی جہازوں کا پارکنگ ایریا بھی پانی میں ڈوب گیا جس کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو چکا ہے کئی پروازیں منسوخ کرنا پڑیں جب کہ متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
چنئی ائرپورٹ کی حالت زار دیکھ کر چُلبلے سوشل میڈیا صارفین نے ائرپورٹ کو ’سی پورٹ‘ کا خطاب دے ڈالا۔
دوسری جانب پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں بھی اسکول بند ہیں، نشیبی اور ساحلی علاقوں سے 2 ہزار افراد محفوظ مقامات پر چلے گئے جب کہ مزید 7 ہزار کو انخلا کی ہدایت کر دی گئی۔
بھارت کی محکمہ موسمیات نے شہر اور گرد ونواح میں آئندہ چوبیس گھنٹے میں انتہائی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان میچانگ کے باعث ریاست تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور اوڑیسہ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، سمندری طوفان کے منگل کو بھارت کے جنوبی ساحلوں سے ٹکرانے کا امکان ہے۔
from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/xElyDQX
No comments