Breaking News

مشہور زمانہ مکی اور منی ماؤس کریکٹر عوام کی ملکیت میں آگئے

دنیا بھر میں مشہور کارٹون کریکٹر مکی اور منی ماؤس اب عوام کی ملکیت میں آگئے۔ امریکا میں کارٹون کی کاپی رائٹ کی مدت اختتام کو پہنچ گئی۔

کارٹونسٹ یا کوئی بھی تخلیق کار اپنی تخلیقی صلاحیت کے اظہار کے لیے مکی اور منی کے ابتدائی ورژن کواستعمال کرنے کے اہل ہوں گے۔ تاہم کوئی بھی ان ورژنز کو بغیر اجازت یا قیمت کے استعمال نہیں کر سکتا ہے۔

ڈزنی حکام کی جانب سے یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ مکی اور منی ماؤس کے مزید جدید ورژن اب بھی کاپی رائٹ کے زمرے میں آتے ہیں۔

مکی ماؤس کا پہلا کارٹون آج سے 95 برس قبل 1928 میں نشر ہوا تھا، اس وقت منتظمین نے اس کے 56 سالہ کاپی رائٹس حاصل کیے تھے۔ تاہم ڈزنی کی کوششوں سے کاپی رائٹ ایکٹ 1976 منظور ہوا اور کاپی رائٹس کی مدت 75 سال ہوگئی تھی۔

بعدازاں ڈزنی نے 1998 میں کاپی رائٹس کی مدت کو 95 سال تک بڑھانے میں کامیابی حاصل کی۔ اب یہ مدت 2024 میں 95 سال مکمل ہونے پر اختتام کو پہنچ گئی ہے اور کاپی رائٹس کی مدت ایکسپائر ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ڈزنی انٹرنیشنل کے کاپی رائٹ ختم ہونے کے بعد مکی ماؤس کے کردار کو نئے کاموں اور ری میک میں استعمال کیا جاسکے گا۔

ماہرین کے مطابق لوگ مکی ماؤس کے کردار کو استعمال تو کرسکیں گے مگر اس احتیاط کے ساتھ کہ وہ ڈزنی کے کردار سے بہت زیادہ ملتا جلتا نہ ہو۔

خیال رہے کہ ڈزنی اسٹوڈیو نے مکی ماؤس کو 130 سے زائد فلموں میں استعمال کیا ہے۔ مکی ماؤس کی پہلی فلم ‘اسٹیمبوٹ ویلی’ تھی جس کے بعد سے یہ شائقین میں مقبولیت کی انتہا کو پہنچ گیا۔



from عالمی خبریں Archives - ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/CD6iy4Z

No comments