مریض کے سر پر ’’سر کے برابر رسولی‘‘ نجات کیسے ملی؟؟
بھارت میں ایک شخص کے دماغ میں خطرناک قسم کے ٹیومر کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، مریض کے سر پر اس کے سر کے برابر رسولی تھی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں ڈاکٹروں نے ایک 39 سالہ شخص کے دماغ سے 20سینٹی میٹر سائز کی رسولی نکالنے کا کامیاب آپریشن کیا جو کہ ممکن ہے کہ تاریخ میں کسی کے سر سے نکالی گئی سب سے بڑی رسولی ہو۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس شخص نے اس تکلیف دہ صورتحال میں 15سال گزارے اور ‘دو سَروں’ کے ساتھ گھومتا رہا۔
39سالہ شخص نے ڈاکٹروں کو رسولی کے بارے میں بتایا کہ جب وہ 24 سال کا تھا تو اس کی گردن کے پچھلے حصے کی طرف ایک چھوٹی سی گانٹھ نکلنا شروع ہوئی تھی۔
اس نے کہا کہ یہ رسولی وقت کے ساتھ ساتھ آہستہ آہستہ بڑھتی چلی گئی اور ایک غبارے کی شکل اختیار کرگئی، جس کا سائز اس کے سر کے برابر 20 سینٹی میٹر قطر تک ہے۔
مریض کا کہنا تھا کہ اسے 15 سال تک گردن میں مسلسل درد، چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا تھا وہ راتوں کو چین کی نیند بھی نہیں سو سکتا تھا بالآخر اس نے آپریشن کرانے کا فیصلہ کیا۔
آپریشن کرنے والی سرجیکل ٹیم ٹیومر کو ختم کرنے میں کامیاب رہی، بتایا جارہا ہے کہ مریض اب مکمل صحت یاب ہوگیا ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ ایک میسنیکمل ٹیومر ہے، جو بون میرو میں پائے جانے والے اسٹیم سیلز سے بڑھتا ہے، یہ خلیے ہڈیوں اور کھوپڑی کے ٹشوز کی مرمت کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس شخص کا ٹیومر کینسر کا تھا، حالانکہ یہ نشوونما انتہائی مہلک ہوسکتی ہے۔
میسنیکمل ٹیومر ناقابل یقین حد تک نایاب ہیں جیسا کہ محققین کا اندازہ ہے کہ امریکہ میں ہر سال سر اور گردن میں دس لاکھ میں سے ایک سے بھی کم ایسے کیسز ہوتے ہیں۔
اس آدمی کی رسولی اتنی بڑی تھی کہ اس نے اس کی کھوپڑی کی بیرونی تہہ کو تباہ کرنا شروع کر دیا تھا اور اندرونی تہہ تک جاپہنچی تھی، ٹیومر نے اس کے سر کی ہڈی کے تقریباً چار سینٹی میٹر حصے کو نقصان پہنچایا تھا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/NJxWl8Z
No comments