Breaking News

فیشل کروانے کے بعد خواتین کا ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

اپنے چہرے پر ویمپائر فیشل کروانے والی تین خواتین بڑی مصیبت کا شکار ہوگئیں، فیشل کے بعد انکے ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی ریاست نیو میکسکو میں ایک غیرلائسنس یافتہ طبی مرکز میں فیشل کروانے والی تین خواتین میں ایچ آئی وی ایڈز کی تشخیص ہوئی ہے۔ اس کے بعد سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے ویمپائر فیشل کروانے والوں کو ایچ آئی وی کے خطرے سے خبردار کیا ہے –

تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کاسمیٹک طریقہ کار کے ذریعے لوگوں میں وائرس کا شکار ہونے کا پہلا دستاویزی کیس رپورٹ ہوا ہے۔ یہ طریقہ کار سب سے پہلے ریئلٹی ٹی وی اسٹار کم کارڈیشیان نے اپنایا تھا جس کے بعد اسے عورتوں میں مقبولیت حاصل ہوئی۔

25 اپریل کی جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’آلودہ خون کے ذریعے کاسمیٹک انجیکشن سروسز کے بعد منتقل ہونے والے ایچ آئی وی کی یہ پہلی اطلاع سامنے آئی ہے۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 2018 میں بھی نیو میکسیکو ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کو ایک ایسی خاتون میں ایچ آئی وی انفیکشن کی تشخیص کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا جس میں بظاہر ایچ آئی وی کے خطرے کے عوامل نہیں پائے گئے تھے۔

بعدازاں یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ خاتون نے کاسمیٹک پلیٹلیٹ سے بھرپور پلازما مائیکرو نیڈنگ فیشلز کے ذریعے اپنے چہرے پر سوئیوں سے ویمپائر فیشل کروایا تھا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد میں ایچ آئی وی کی منتقلی کے نئے راستوں کا تعین کرنا ضروری ہے جن میں ایچ آئی وی کے خطرے کے عوامل کا کوئی پتہ نہیں چلتا ہے۔

ویمپائر فیشل کیا ہے؟

کاسمیٹک طریقہ کار کے تحت کسی فرد کے بازو سے خون نکالا جاتا ہے جس کے بعد اس خون میں شامل پلیٹلیٹس کو مشین کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔ اس حوالے سے آرٹیمس اسپتال میں کاسمیٹولوجی اور ڈرمیٹولوجی کی سربراہ ڈاکٹر مونیکا بامبرو نے بتایا کہ ’تھراپی پلازما میں پلیٹلیٹس کا استعمال کولیجن کی پیداوار کو تیز کرتا ہے، جس سے جلد پھر سے بے شکن ہوجاتی ہے یعنی نوجوانی کی عمر کی طرح ہوجاتی ہے۔‘



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/F63E05b

No comments