Breaking News

’بھارت میں الیکشن کے بعد مسلمانوں پر حملوں کے واقعات بڑھ گئے‘

حیدر آباد: سربراہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اسدالدین اویسی نے انکشاف کیا ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے بعد مسلمانوں پر حملے بڑھ گئے۔

اسدالدین اویسی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ کہیں سنگھ پریوار مسلمانوں سے انتقام تو نہیں لے رہا؟

رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ریاست اتر پردیش میں دو علمائے کرام کو قتل کیا گیا جبکہ اکبر نگر میں مسلمانوں کے قانونی گھر توڑ دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست چھتیس گڑھ میں ہجوم نے دو مسلمان شہریوں کو تشدد کر کے جاں بحق کیا۔

اسدالدین اویسی اور ان کی جماعت مودی سرکار کے سخت ناقد ہیں۔ انہوں نے الیکشن سے قبل مودی سرکار کے مسلم مخالف متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور حکم امتناع کا استدعا کی تھی۔

انہوں نے عدالت میں دائر درخواست میں اپیل کی تھی کہ سی اے اے کے نفاذ کو فوری طور پر روک دیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس منتازع قانون کے بعد ملک میں این آر سی لانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

سربراہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے مزید کہا تھا کہ این آر سی کے ذریعے بھارتی مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی سازش کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے ملک میں انتخابات سے چند ہفتے قبل مسلم مخالف شہریت کا قانون 2019 نافذ کیا تھا۔ متنازع قانون نے بھارت کے پڑوسی ممالک سے آنے والے غیر مسلم مہاجرین کو شہریت دینے کی اجازت دی تھی۔

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے سیکولر کردار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کمیونٹی کو اس کے دائرے سے باہر رکھنے کیلیے کئی حقوق گروپوں نے اس قانون کو مسلم مخالف قرار دیا تھا۔

شہریت کے متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔ بھارتی لوک سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کیا تھا جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، بل کی حمایت میں 293 جبکہ مخالفت میں 82 ووٹ پڑے۔

کولکتہ میں وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی کی قیادت میں ہزاروں افراد شہریت سے متعلق متنازع قانون کے خلاف سڑکوں پر نکلے تھے۔ مظاہرین نے مودی سرکار کے خلاف بینرز اور پلے لارڈز اٹھا رکھے تھے۔

ممتا بینرجی نے احتجاجی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک میں زندہ ہوں ریاست میں شہریت قانون اور این آر سی پر عملدرآمد نہیں ہونے دوں گی چاہے میری حکومت ختم کر دی جائے، مجھے جیل میں ڈال دیا جائے لیکن اس کالے قانون پر کبھی عملدرآمد نہیں کروں گی۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/uQO4kGP

No comments