بھارتی الیکشن میں اسدالدین اویسی کے ہاتھوں بی جے پی امیدوار کو عبرتناک شکست
سربراہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین اسدالدین اویسی نے لوک سبھا الیکشن 2024 میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کو عبرتناک شکست دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسدالدین اویسی نے حیدر آباد کی نشست پر بی جے پی کی امیدوار کومپیلا مادھوی لتا کا مقابلہ کیا اور انہیں 3 لاکھ سے زائد ووٹوں سے ہرایا۔
کومپیلا مادھوی لتا نے 3 لاکھ 23 ہزار 894 ووٹ لیے جبکہ اسدالدین اویسی 6 لاکھ 61 ہزار 981 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ کانگریس کے ٹکٹ پر محمد ولی اللہ سمیر نے الیکشن میں حصہ لیا اور صرف 62 ہزار 962 ووٹ حاصل کیے۔
اسدالدین اویسی کی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین 1984 سے اب تک حیدرآباد سے ایک بھی الیکشن نہیں ہاری اور خود اسدالدین اویسی مسلسل پانچویں مرتبہ رکن لوک سبھا منتخب ہو چکے ہیں۔
2019 میں اسدالدین اویسی نے 2 لاکھ 82 ہزار 187 ووٹوں کے مارجن سے بی جے پی امیدوار بھگواناتھ راؤ کو شکست دی تھی جبکہ 2014 میں یہ فرق 2 لاکھ ووٹوں کا تھا۔
لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی 400 نشستیں حاصل کرنے میں بُری طرح ناکام رہیں جبکہ کانگریس نے اپنی جیت کا دعویٰ کیا ہے۔ راہول گاندھی نے سونیا گاندھی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ واضح ہوگیا انتخابات میں ہمیں مینڈیٹ ملا ہے جبکہ انتخابی نتائح بی جے پی کی واضح ہار ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ عوام نے نریندر مودی اور اس کی نظریے کو مسترد کر دیا، ’بھارت جوڑو یاترا‘ انتخابات میں جیت کی بڑی وجہ ہے، لڑائی آئین کو بچانے کی تھی اور عوام نے نریندر مودی کو جواب دے دیا، انہیں واضح شکست ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ نے ڈرانے اور دھمکانے کے سوا کچھ نہ کیا، انہوں نے ہمارے اکاؤنٹس بند کیے اور چیف منسٹر کو جیل میں ڈالا، مجھے یقین تھا بھارتی عوام ایک ساتھ کھڑے ہو کر لڑے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صرف بی جے پی نہیں بلکہ پوری ریاستی مشینری کے خلاف الیکشن لڑے، خفیہ ایجنسیاں، بیورو کریسی اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی، ہماری لڑائی بھارتی آئین کو بچانے کی تھی اور عوام ہمارے ساتھ تھی، انتخابات میں ہماری واضح کامیابی جمہوریت کی جیت ہے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ بھارتی عوام کا شکر گزار ہوں کہ آئین بچانے کا پہلا قدم اٹھا لیا ہے، بھارتی آئین بچانے کا کام غریب عوام، مزدوروں اور کسانوں نے کیا، کامیابی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم ایک ہو کر لڑے تمام اتحادیوں کی عزت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے فیصلہ دے دیا مودی نہیں چاہیے، انڈیا اتحاد نے الیکشن میں بھارتی آئین کو بچا لیا، بی جے پی نے پارٹیاں توڑیں اور سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا لیکن پھر بھی کامیاب نہ ہوئے۔
پریس کانفرنس میں راہول گاندھی نے کہا کہ حکومت بنانے یا نہ بنانے سے متعلق اتحادیوں کی میٹنگ میں فیصلہ کریں گے، انڈیا اتحاد کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے قبول کریں گے۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/tl9jz2x
No comments