جنیوا : امیر ترین بھارتی خاندان جیل میں کیسے پہنچا ؟
جنیوا : سوئٹزر لینڈ کی عدالت نے برطانیہ کے امیر ترین بھارتی خاندان کو قید کی سزا سنادی، ملزمان پر الزام ثابت ہوا تھا کہ انہوں نے گھریلو ملازمین کا استحصال کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 47 ارب ڈالر کی مالیت رکھنے والے خاندان کو انسانی اسمگلنگ کے مقدمے میں بری کر دیا گیا جبکہ دیگر جرائم ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ امیر خاندان پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے آبائی ملک بھارت سے لوگوں کو بطور گھریلو ملازمین بلوایا اور سوئٹزرلینڈ پہنچنے پر ان کے پاسپورٹ ضبط کرلیے تھے۔
مجرمان میں میاں بیوی اور ان کے بیٹے اور بہو شامل ہیں۔ پرکاش ہندوجا اور ان کی اہلیہ کمال ہندوجا کو چار سال چھ ماہ قید کی سزا جبکہ ان کے بیٹے اجے اور اس کی اہلیہ نمریتا کو چار سال قید کی سزا دی گئی ہے۔
وکیل استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ ہندوجا خاندان اپنے ملازمین کو انتہائی قلیل تنخواہ دیتا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی۔
ہندوجا فیملی نے الزامات عائد کرنے والے تین ملازمین کے ساتھ خفیہ طور پر تصفیہ کر لیا ہے، تاہم الزامات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پراسیکیوشن یعنی استغاثہ نے مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا۔
پراسیکیوٹر یاویس برتوسا نے پراکاش اور کمال ہندوجا کے لیے ساڑھے پانچ سال سزا کی درخواست کی ہے۔ 78 سالہ پرکاش ہندوجا اور 75 سالہ کمال ہندوجا صحت کی خرابی کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کے دوران غیر حاضر رہے۔
پراسیکیوٹر نے مذکورہ خاندان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہندوجا فیملی دنیا کے مصائب پر منافع کما رہی ہے انہوں نے پیسے بچانے کی غرض سے طاقتور آجر ہونے کے ناطے کمزور ملازمین کا فائدہ اٹھایا۔
ملزمان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ گھر میں کام کرنے والے عملے کو ماہانہ تنخواہ 220سے 400 فرینکس کے درمیان دی جاتی ہے جو سوئٹزر لینڈ کی کم سے کم اجرت سے بھی بہت زیادہ کم ہے۔
دوسری جانب ہندوجا خاندان کے وکیل نکولاس نے عدالت کو بتایا کہ تینوں درخواست گزاروں کو ملازمت کے دوران کئی فوائد حاصل ہوئے، انہیں تنہائی میں نہیں رکھا گیا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی آزادی بھی حاصل تھی۔
وکیل نکولاس نے بتایا کہ یہ معاملہ ’غلاموں کے ساتھ برے سلوک‘ کا نہیں ہے۔ ان کے ساتھی وکیل رابرٹ اسائل نے دلائل میں کہا کہ ملازمین ہندوجا خاندان کے شکرگزار ہیں کہ انہیں بہتر زندگی کا موقع دیا۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/PrfFSOB
No comments