Breaking News

ایرانی وفد کو نیویارک میں خریداری سے روک دیا گیا

نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک آنے والے ایرانی وفد کی نقل و حرکت محدود کرتے ہوئے سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی فیصلے کے تحت ایرانی حکام کو شہر میں آزادانہ گھومنے اور ہول سیل مارکیٹوں یا پرتعیش اشیاء کی خریداری سے روک دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی ترجمان ٹومی پگوٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایرانی عوام غربت، پانی اور بجلی کے بحران کا شکار ہیں، ایسے میں ریاستی ایلیٹس کی عیش و آرام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وفد صرف اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز جانے اور واپس آنے تک محدود رہے گا۔

پگوٹ نے مزید کہا کہ امریکی عوام کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، ہم ایران کو جنرل اسمبلی کے موقع پر اپنی دہشت گردانہ پالیسیوں کے فروغ یا ایسی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے جو اس کے اپنے عوام کو میسر نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا کے رہنما ہر سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچتے ہیں، اس سال اجلاس کا 80واں سیشن منگل سے شروع ہو رہا ہے۔

اس سے قبل ایرانی وفد کو اقوام متحدہ، ایرانی مشن، ایرانی سفیر کی رہائش گاہ اور جے ایف کے ایئرپورٹ تک محدود اجازت حاصل تھی۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/FhT1QHb

No comments