Breaking News

اخبارات قومی شعور کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، زرداری

اسلام آباد (25 ستمبر 2025): صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اخبارات ملک میں قومی شعور کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قومی یومِ مطالعۂ اخبارات پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ اخبارات قومی شعور کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ باشعور شہری ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں۔

انھوں نے کہا اخبارات نے ہمیشہ عوام کو باخبر رکھا اور ناانصافیوں کو بے نقاب کیا، اخبارات محض خبر نہیں، گہرائی اور تناظر بھی فراہم کرتے ہیں۔ دنیا بھر کے بہترین اخبارات نے چیلنجز کے باوجود ترقی کی، ہمارے اخبارات بھی عوام کے اعتماد اور وفاداری پر ترقی کر سکتے ہیں۔

’بہت سے لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم کرنا چاہتے ہیں‘

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے دور میں ذمہ دارانہ صحافت کی اقدار مزید قیمتی ہو گئی ہیں، نوجوان نسل کو اخبارات پڑھنے کی عادت اپنانی چاہیے، تعلیمی ادارے طلبہ میں اخبارات کے مطالعے کو فروغ دیں۔

صدر زرداری نے کہا پرنٹ میڈیا اخلاقیات، غیر جانب داری اور ذمہ داری کے اعلیٰ معیار قائم رکھے، صحافتی آزادی جمہوریت کے لیے ناگزیر ہے، لیکن اسے توازن اور انصاف کے ساتھ بروئے کار لانا چاہیے۔ اخبارات کا بڑھتا ہوا مطالعہ ایک زیادہ باشعور اور جمہوری پاکستان کی ضمانت ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/sTHxcYC

No comments