Breaking News

امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب بڑی تعداد میں فوج تعینات کردی

امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب اپنی سب سے بڑی فوجیں تعینات کردیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منشیات فروشوں کے خلاف مہم نے کیریبین کو نیا جنگی میدان بنا دیا ہے، امریکا نے اگست سے اب تک ہزاروں فوجی، جنگی جہاز اور طیارے خطے میں تعینات کیے ہیں۔

پورٹوریکو میں امریکی فوجی اڈے دوبارہ فعال ہوگئے اور بڑے پیمانے پر مشقیں جاری ہیں۔

ستمبر سے اب تک امریکی فوج نے وینزویلا کے ساحل کے قریب کشتیوں پر 10 حملے کیے ہیں، امریکی فوج کی کارروائیوں میں اب تک 43 افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی حکام کے مطابق کارروائیاں منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے کی گئیں، وینزویلا نے امریکی حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

یہ پڑھیں: امریکا کس ملک پر حملے کی تیاری کر رہا ہے؟

امریکی جنوبی کمانڈ تمام آپریشنز کی نگرانی کررہی ہے جو فلوریڈا کے شہر ڈورال میں واقع ہے، امریکا نے دنیا کے بڑے ایئر کرافٹ کیریئر یو ایس ایس جیرالڈ کو بھی خطے میں تعینات کردیا، یو ایس ایس جیرالڈ کے ساتھ 5 جنگی تباہ کن جہاز اور ایک جوہری آبدوز بھی موجود ہے۔

امریکی فضائی اثاثوں میں بی 52 اور بی ون اسٹریٹیجک بمبار بھی شامل ہیں، امریکی فضائیہ کے 10 ایف 35 اسٹیلتھ لڑاکا طیارے بھی مشن پر مامور ہیں، امریکا کے 10 ہزار فوجی پورٹوریکو میں تعینات کیے جاچکے ہیں، خفیہ ایجنسی بھی متحرک ہے۔

امریکی اسپیشل فورسز ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نگرانی اور مشنز انجام دے رہی ہیں۔

علاوہ ازیں وینزویلا نے بھی صورت حال کے پیش نظر فوجی تعیناتی بڑھا دی اور فضائیہ کو الرٹ کردیا ہے، وینزویلا نے 17 ستمبر سے وسیع پیمانے پر فوجی مشقیں شروع کررکھی ہیں، صدر نکولس مادورو نے عوامی ملیشیا کو متحرک کرنے کا بھی حکم دے رکھا ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/dPTNYI3

No comments