Breaking News

یوکرینی صدر زیلنسکی نے یورپی ممالک پر الزام عائد کر دیا

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایران اور چین کے بعد اب یورپی ممالک پر بھی الزام عائد کر دیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر زیلنسکی نے الزام لگایا ہے کہ روسی ڈرونز اور میزائلوں میں مغربی پرزے استعمال ہو رہے ہیں، روسی ہتھیاروں میں ایک لاکھ سے زائد غیرملکی پرزے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روسی ہتھیاروں میں امریکی، برطانوی، جرمن پارٹس پائے گئے ہیں۔

صدر زیلنسکی نےجاپان پر بھی الزام دہراتے ہوئے مغربی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ روس کے خلاف پابندیاں مزید سخت کی جائیں۔

4 سال سے جاری جنگ میں روس کی فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کا سب سے بڑا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا ہے۔

روسی وزارتِ دفاع کے مطابق روس کی فضائی دفاعی یونٹوں نے گزشتہ رات 251 یوکرائنی ڈرون تباہ کیے، روسی فضائی دفاعی نظام نے 40 ڈرونز کریمیا، 62 بحیرۂ اسود جبکہ درجنوں دیگر کرسک اور بیلگوروڈ کے علاقوں میں تباہ کیے۔

خبر ایجنیسی کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے توانائی ڈھانچے پر ڈرون اور میزائل حملے جاری ہیں جبکہ یوکرین نے بھی روسی آئل ریفائنریز اور توانائی کے دیگر مراکز کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے اپنے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان کے مطابق بحیرہ اسود کے اوپر 61 ڈرونز کو روکا گیا جب کہ ایک ڈرون مبینہ طور پر ماسکو کی جانب بڑھ رہا تھا، وزارت نے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی ہے۔

تاہم، یوکرین کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ ڈرون حملوں میں سے ایک ڈرون کریمیا کے ساحل پر واقع ایک اہم بندرگاہی شہر فیوڈوسیا میں جاگرا ہے جس سے تیل کے ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی ہے، اس حملے میں ایندھن کا ٹینک پھٹ گیا ہے۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/cyAOmTw

No comments