Breaking News

ٹخنے کے مانیٹر سے چھیڑ چھاڑ، فرار کے خطرے پر برازیل کے سابق صدر گرفتار

برازیلیا (23 نومبر 2025): ٹخنے کے مانیٹر سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر فرار کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے عدالت نے برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا، جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کے سابق صدر بولسونارو کو قبل از وقت گرفتار کر لیا گیا ہے، ان پر الزام ہے کہ انھوں نے 27 سال کی قید سے بچنے کے لیے سازش کی، سپریم کورٹ کے ایک جج نے ان کی گرفتاری کا حکم اس لیے دیا کہ ہفتے کے روز گھر میں نظر بندی کے دوران انھوں نے ٹخنے پر لگے ٹریکر سے چھیر چھاڑ کی تھی۔

جائر بولسونارو کو جیل بھیج دیا گیا ہے، سابق صدر بغاوت کے الزام میں 27 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں، تاہم انھیں اپنی سزا کے خلاف اپیل کے دوران گھر میں نظر بند رکھا گیا تھا، اور وہ اگست سے اپنے گھر میں قید تھے۔

برڈ فلو سے انسانی موت، عام افراد کن باتوں کا خیال رکھ کر محفوظ رہ سکتے ہیں؟

70 سالہ جائر بولسونارو کی قانونی ٹیم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ستائیس سال قید کی سزا گھر پر ہی کاٹنے کی اجازت دی جائے کیوں کہ جیل کی قید ان کی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

سپریم کورٹ نے ان کے ٹخنے پر لگے مانیٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کو فرار ہونے کا خطرہ قرار دیا۔ عدالت کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو میں بولسونارو نے اعتراف کیا کہ انھوں نے ’’تجسس‘‘ کے باعث مانیٹر کے اس کڑے پر سولڈرنگ آئرن استعمال کیا تھا۔ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مانیٹرنگ آلہ بری طرح خراب اور جلا ہوا تھا، لیکن اب بھی ان کے ٹخنے پر موجود تھا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/jyNZkLP

No comments