Breaking News

افغانستان سے پھیلتی دہشت گردی اور امریکی اسلحے کے غلط استعمال پر پاکستان کا اظہارِ تشویش

افغانستان سے پھیلنے والی دہشت گردی اور امریکی اسلحے کے غلط استعمال پر پاکستان نے تشویش کا اظہارِ کیا ہے، پاکستانی سفیر نے امریکی کانگریس قیادت سے اہم ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی اسلحے کے دہشت گردوں کے ہاتھوں غلط اور جارحانہ استعمال اور اس کے نتیجے میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکا میں سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، دوطرفہ تعلقات اور مستقبل کے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیرِ پاکستان نے کہا کہ افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امن کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ افغانستان میں پناہ لینے والے دہشت گردوں کی کارروائیوں کے باعث سال 2024 میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 40 فیصد جبکہ سال 2025 میں مزید 25 فیصد اضافہ ہوا۔

سفیرِ پاکستان نے افغانستان سے انخلا کے وقت چھوڑے گئے امریکی اسلحے کے مسلسل غلط اور جارحانہ استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا، انھوں نے چیئرمین برائن ماسٹ کو دورۂ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پارلیمانی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

سفیرِ پاکستان نے پاک امریکا تعلقات کے فروغ میں چیئرمین برائن ماسٹ کی قیادت، کاوشوں اور مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کے اس عزم کا حوالہ دیا کہ دوطرفہ تعلقات کو اقتصادی تعاون پر مبنی طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری میں تبدیل کیا جائے اور کہا کہ سال 2026 کو “عمل کا سال” قرار دیا جانا چاہیے۔

سفیرِ پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی معاشی مکالمہ جلد از جلد شروع کرنے پر زور دیا اور توانائی، دفاع، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبوں میں جامع اور فوری ڈائیلاگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کم لاگت اور اعلیٰ معیار کی پیداواری صلاحیت کے باعث امریکی منڈی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں تیار ہونے والے سرجیکل آلات اور مصنوعات اپنے اعلیٰ معیار کی بدولت دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں، جبکہ موافق تجارتی ماحول اور مناسب توجہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

سفیرِ پاکستان نے اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ گزشتہ پانچ فیفا ورلڈ کپ میچز میں سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹ بالز کا مسلسل استعمال اسپورٹس گڈز کے شعبے میں پاکستان کی عالمی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔

ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات کو اقتصادی، سیکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔



from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/zwmHFqX

No comments