عمان میں سرمایہ کاری اور روزگار کے بہترین مواقع
دبئی : سلطنت عمان میں ملازمت کے خواہشمندوں کو سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، نیا مالیاتی مرکز سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سلطنتِ عمان نے ایک خصوصی اجلاس میں عمان گلوبل فنانشل سینٹر کے قیام کی منظوری دی ہے، جو ایک نیا بین الاقوامی مالیاتی مرکز ہوگا۔
اس مرکز کے قیام کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا، جدید مالیاتی خدمات کو فروغ دینا اور علاقائی و عالمی سرمایہ منڈیوں میں عمان کے کردار کو مضبوط بنانا ہے۔

یہ فیصلہ سلطان ہیثم بن طارق کی صدارت میں ہونے والے وزارتی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جو سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور طویل المدتی معاشی تنوع کو تیز کرنے کے اقدامات کے پیکج کا حصہ ہے۔
یہ مرکز قانون سازی، انتظامی اور ریگولیٹری خودمختاری کے تحت کام کرے گا اور ایک جدید مالیاتی، قانونی اور عدالتی فریم ورک کے تحت ہوگا جو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ ہوگا۔
اس مرکز کو مخصوص انداز میں تشکیل دیا گیا ہے تاکہ عالمی بینکوں، سرمایہ کاری کمپنیوں اور خصوصی مالیاتی اداروں کو عمان میں قیام اور علاقائی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک مسابقتی پلیٹ فارم فراہم کیا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ عالمی سطح اور علاقائی مالیاتی مراکز کے ماڈلز کے تفصیلی جائزے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلطان ہیثم نے ریاستی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا سکیں، مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہو اور معیشت کے امید افزا شعبوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے سرکاری شعبے کی ڈیجیٹل تبدیلی کی اہمیت پر بھی زور دیا اور متحدہ سرکاری خدمات پورٹل کے ذریعے مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات متعارف کرانے کی ہدایت کی۔
from ARY News Urdu- International- عالمی خبریں https://ift.tt/VOUrXt3
No comments